پاکستان میں کمزوروں اور طاقتوروں کی جنگ شروع ہوچکی ہے طاہرالقادری

90 دن کے دھرنے نے سوئی ہوئی قوم کو جگادیا اوراسی دھرنے نے ڈرے ہوئے لوگوں کو ہمت دی،سربراہ عوامی تحریک


ویب ڈیسک November 23, 2014
اگر کراچی سے خیبر تک عوام دو تہائی اکثریت دے دیں تو میں ملک کا نطام بدل دوں گا، سربراہ پاکستان عوامی تحریک فوٹو: فائل

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کہتے ہیں کہ پاکستان میں کمزوروں اورطاقتوروں کی جنگ شروع ہوچکی ہے اگر کراچی سے خیبر تک عوام دو تہائی اکثریت دے دیں تو وہ ملک کا نطام بدل دیں گے۔

بھکرمیں جلسہ عام سے خطاب کے دوران ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ دھرنے نے پاکستانی عوام کے شعور کو بیدار کردیا اوراسی دھرنے نے ڈرے ہوئے لوگوں کو ہمت دی ہے، 90 دن کے دھرنے اور قربانیوں نے سوئے ہوئے کو جگادیا، ہم ان حکمرانوں کو للکار رہے ہیں جنہوں نے عوام کو حقوق نہیں دیئے، غریب دشمن اور کرپٹ حکمرانوں کو للکار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے غریبوں کی جنگ اس لئے لڑ رہے ہیں تاکہ اس سے اللہ تبارک تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم راضی ہوں، اب پاکستان میں کمزوروں اور طاقتوروں کی جنگ شروع ہوچکی ہے، اس جنگ کا پہلا امتحان دریا خان میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخابات ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم معاشرے کی بنیاد مصطفوی، فاروقی اور حسینی طرز پر رکھنا چاہتے ہیں۔ آج کے حکمران قومی خزانے کو لوٹ کر کھا گئے، ، 65 برس اس ملک کے عوام حکمرانوں کے سامنے ڈر کر بیٹھے رہے، اس طرح انسان کو اپنا حق نہیں ملتا بلکہ طاقتوروں کے خلاف اٹھنا پڑتا ہے۔ ہم ضمنی انتخاب اس لئے لڑ رہے ہیں تاکہ لوگ برادریوں میں تقسیم نہ ہوں اور مظلوم اور مجبور عوام کو لڑنے کا سلیقہ آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کراچی سے خیبر تک عوام دو تہائی اکثریت دے دیں تو وہ ملک کا نظام بدل دیں گے اگر ان کی حکومت آئی تو وڈیروں کے محل چھین کر ہر بے گھر کو گھر دیاجائے گا، ہر بے روزگار کو روزگار ملے گا اور انہیں بنیادی ضرورت کی چیزیں نصف قیمت پر ملیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔