ٹاپ ون ڈے ٹیم کا تاج آسٹریلیا کے سر سج گیا

جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز 1-4 سے اپنے نام کرنے کے بعد کینگروز نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ بھارت کا دوسرانمبر ہے۔


Sports Desk/AFP November 24, 2014
فہرست میں جنوبی افریقہ تیسرے، سری لنکا چوتھے اور انگلینڈ پانچویں نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان کا اس فہرست میں چھٹا نمبر ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا نے ٹاپ ون ڈے ٹیم کا تاج اپنے سرسجالیا، بھارت کو دوسرے درجے کی ٹیم بننے پر مجبور ہونا پڑا، کینگروز نے جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ون ڈے میں ڈک ورتھ لوئس پر 2 وکٹ سے کامیابی کے ساتھ سیریز بھی 4-1 سے اپنے نام کرلی۔

بارش سے متاثرہ میچ میں 275 رنز کا نظر ثانی شدہ ہدف 8 وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، شین واٹسن 82، آرون فنچ 76 اور اسٹیون اسمتھ 67 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، روبن پیٹرسن نے 4 اور مورن مورکل نے دو وکٹیں لیں، اس سے پہلے میزبان سائیڈ نے 6 وکٹ پر 280 رنز بنائے، کوئنٹین ڈی کاک کی سنچری اور فرحان بہردیان و ریلی روسیو کی ففٹیز کسی کام نہ آئیں۔ پیٹ کمنز نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو سیریز کے پانچویں اور آخری ون ڈے میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 2 وکٹوں سے شکست دی، سیریز پہلے ہی کینگروز کے نام ہوچکی تھی لیکن آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن کے حصول کیلیے اس کی سیریز میں 4-1 سے کامیابی ضروری تھی، اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا اب ٹاپ پر پہنچ چکا ہے اگرچہ بھارت کے پوائنٹس بھی اس کے برابر 117 ہی ہیں لیکن 0.2 پوائنٹس کے معمولی فرق کی وجہ سے بھارتی ٹیم کودوسرے درجے کی سائیڈ بننے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیت کر ٹاپ سائیڈ کا اعزاز حاصل کیا تھا لیکن کینگروز سے چار میچز ہانے کی وجہ سے وہ اب تیسرے نمبر پر پہنچ چکا ہے، سری لنکا چوتھے اور انگلینڈ پانچویں نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان کا اس فہرست میں چھٹا نمبر ہے، سڈنی میں کھیلے جانے والے پانچویں ون ڈے میں بارش کی مداخلت کی وجہ سے آسٹریلیا کو فتح کیلیے 48 اوورز میں 275 رنز کا ہدف ملا جس کے جواب میں اوپنر ڈیوڈ وارنر 21 رنز پر وین پارنیل کی گیند پر پیٹرسن کا کیچ بن گئے تاہم آرون فنچ اور شین واٹسن کے درمیان 100 رنز کی شراکت نے ابتدائی نقصان کی تلافی کردی، فنچ 76 رنز بناکر پیٹرسن کی وکٹ بنے کیچ روسیو نے تھاما۔

اب واٹسن نے اسٹیون اسمتھ کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 81 رنز جوڑ کر ٹیم کو ہدف کے قریب کیا، وہ خود 82 رنز پر آؤٹ ہوگئے، انھوں نے 93 بالز کا سامنا کرتے ہوئے دو چھکے اور 7 چوکے لگائے۔ اس دوران پروٹیز بولرز نے آسٹریلوی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن کو نشانہ بنایا جس سے وکٹوں کی لائن لگ گئی، گلین میکسویل کو مورن مورکل نے بہردیان کا کیچ بنایا تو وہ 7 رنز پر کھیل رہے تھے۔ اسمتھ 67 رنز بناکر پیٹرسن کی وکٹ بن گئے کیچ روسیو کے ہاتھوں میں ہی محفوظ ہوا، انھوں نے 6 چوکے اور ایک چھکا جڑا۔

کپتان جارج بیلی بھی صرف 4 رنز کے مہمان ٹھہرے، کائیل ایبٹ کی گیند پر ان کا کیچ بھی روسیو کے ہاتھوں میں ہی محفوظ ہوا۔ میتھیو ویڈ (3) کو پیٹرسن نے بولڈ کیا، پیٹ کمنز کھاتہ کھولے بغیر پیٹرسن کی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے۔اس سے قبل کہ مقابلہ مزید سنسنی خیز ہوتا آخری اوور کی پہلی گیند پر جیمز فالکنر نے چوکا جڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔

روبن پیٹرسن نے 32 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں جبکہ مورکل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے 6 وکٹ پر مقررہ 50 اوورز میں 280 رنز بنائے، ڈی کاک نے 123 بالز پر 14 چوکوں کی مدد سے 107 رنز بنائے، انھیںیہ کاوش ضائع ہونے کے باوجود مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ فرحان بہردیان نے 41 بالز پر دوچھکوں اور 7 چوکوں سے مزین 63 رنز بنائے، روسیو بھی 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پیٹ کمنز نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔سیریز کے بہترین کھلاڑی اسٹیون اسمتھ قرار پائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔