زمبابوے بنگال کے جادو کا توڑ کرنے میں ناکام

دوسرا ون ڈے 68رنز سے ٹائیگرز کے نام، عرفات سنی نے 4 اور مشرفی نے 3 وکٹیں لیں


Sports Desk November 24, 2014
بنگلہ دیش نے زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میں68 رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ فوٹو: بی سی بی

زمبابوے بنگال کے جادو کا توڑ کرنے میں بری طرح ناکام ہوگیا، دوسرے ون ڈے میں بھی 68 رنز سے ناکامی کا تلخ گھونٹ بھرنا پڑگیا۔

252 رنز ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم 183 پر ہی چکرا کر گرپڑی، سولومون مائر کی ففٹی اونٹ کے منہ کا زیرہ ثابت ہوئی، عرفات سنی نے 4 جبکہ مشرفی مرتضیٰ نے 3 وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے بنگلہ دیش نے 7 وکٹ پر 251 رنز بنائے، انعام الحق80اور تمیم اقبال 76 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میں68 رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

اس ٹور میں ابھی تک زمبابوین سائیڈ فتح کا ذائقہ چکھنے میں ناکام رہی ہے۔ اس بار اس کو فتح کیلیے 252 رنز کا ہدف ملا مگر ہیملٹن مساکیڈزا نے پہلے اوور کی آخری گیند پر مشرفی کی گیند پر مشرفی کو بغیر کھاتہ کھولے کیچ تھما کر باقی ٹیم کا مورال مزید ڈائون کردیا۔ سولومون نے 50 رنز بنائے، ایلٹن چگمبرا 38 اورچاکابوا32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ان کے علاوہ کوئی بھی قابل ذکر اسکور نہیں بناپایا، عرفان سنی نے 29 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں جبکہ کپتان مشرفی نے 34 رنز کے عوض 3 وکٹوں کا سودا کیا۔

اس سے پہلے میزبان اوپنرز تمیم اقبال اور انعام الحق نے اپنی ٹیم کو 158 رنز کی مضبوط بنیاد فراہم کی۔تمیم 98 بالز پر 76 رنز جوڑ کر رن آئوٹ ہوئے، انھوں نے ایک چھکا اور 7 چوکے لگائے۔ انعام الحق کو 80 رنز پر پیانگرا نے ووسی سبانڈا کی مدد سے قابو کیا، انھوں نے 110 بالز میں سے ایک پر چھکا جبکہ پانچ پر چوکے جڑے۔ پانیانگرا اور کامونگوزی نے دودو وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔