قائداعظم ٹرافی گولڈ لیگ لاہور لائنز آج سے کراچی ڈولفنز کی میزبانی کرینگے

یوبی ایل اور نیشنل بینک کی ٹیمیں بھی صف آرا ہوں گی، پینتھرز کو اسلام آباد لیپرڈز کا چیلنج درپیش۔


Sports Desk November 24, 2014
زرعی ترقیاتی بینک نے2 میچز جیتے، 2 ہارے اور تین برابر کیے،راولپنڈی ریمز نے 2 میں کامیابی پائی۔ فوٹو: فائل

قائداعظم ٹرافی گولڈ لیگ کا آٹھواں مرحلہ پیر سے شروع ہوگا،کراچی ڈولفنز کی ٹیم لاہور لائنز کی مہمان بنے گی، میچ لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ پر کھیلا جائیگا۔

اسلام آباد کے ڈائمنڈ کلب گراؤنڈ پر یوبی ایل اور نیشنل بینک کی ٹیمیں بھی صف آرا ہونگی، ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور پر میزبان پینتھرز کا سامنا اسلام آباد لیپرڈز سے ہوگا، راولپنڈی ریمز ہوم گراؤنڈ پر ملتان ٹائیگرز کا شکار کرنے کی کوشش کریں گے، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پورٹ قاسم اتھارٹی کی ٹیم واپڈا کے مقابل آئے گی، اسلام آباد کے مرغزار گراؤنڈ پر سوئی ناردرن گیس کی ٹیم زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف میدان سنبھالے گی، سات مراحل کی تکمیل پر سوئی ناردرن گیس 6 فتوحات اور ایک ناکامی کیساتھ 51 پوائنٹس لیکر سرفہرست ہے۔

پورٹ قاسم اتھارٹی نے 5 مقابلے جیتے جبکہ دو میچز فیصلہ کن نہیں ہوسکے، نیشنل بینک نے چار میچز جیتے ، ان کے 3 مقابلے ڈرا ہوئے ، دونوں ٹیموں کے یکساں طور پر 44، 44 پوائنٹس ہیں، چوتھی پوزیشن پر فائز واپڈا نے 4 فتوحات پائیں ، ایک میں انھیں شکست کا سامنا رہا جبکہ دو میچز ہارجیت کے بغیر تمام ہوئے، ان کے حاصل کردہ پوائنٹس 36 ہیں، یونائیٹڈ بینک کی ٹیم 3 میچزمیں فتح کو اپنا مقدر بناپائی ہے ، دو میچزمیں انھیں شکست ہوئی جبکہ دو ہی ڈرا ہوئے ہیں، انھوں نے 32 پوائنٹس جمع کیے ہیں، کراچی ڈولفنز نے 7 میں سے 2 میچز جیتے، 3 میں انھیں ناکامی کا سامنا رہا جبکہ دو مقابلے ہارجیت کے بغیر تمام ہوگئے۔

زرعی ترقیاتی بینک نے2 میچز جیتے، 2 ہارے اور تین برابر کیے،راولپنڈی ریمز نے 2 میں کامیابی پائی، 3 میں حریف سائیڈز نے میدان مارلیا، دو ڈرا ہوگئے، اسلام آباد لیپرڈز نے 4 میچز ڈرا کیے، دو میں ناکامی کا سامنا کیا جبکہ محض ایک فتح ان کے حصے میں آئی ہے، پشاور پینتھرز 5 مقابلوں میں ناکام رہے، ایک جیتا اور ایک ڈرا کیا، لاہور لائنز تاحال فتح سے محروم رہی ہے، چھ میں انھیں شکست ہوئی ایک مقابلہ ڈرا کیا ، ملتان ٹائیگرز بھی ابھی تک کامیابی کا راستہ نہیں دیکھ پائی ہے، 5 میچزمیں انھیں مات ہوئی جبکہ دو میچز ڈرا ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔