ایکسپریس میڈیا گروپ کا فیملی فیسٹیول

ایکسپریس میڈیاگروپ نے2روزہ رنگارنگ فیملی فیسٹیول کاانعقادکرکےبہترین تفریح کی صورت میں خوش ہونےکابھرپورموقع فراہم کیا۔


Editorial November 25, 2014
فیسٹیول میں شائقین کی دلچسپی کے لیے مختلف کمپنیوں کے اسٹالز‘ روایتی و جدید کھانے‘ رنگ برنگے جھولے‘ جمپنگ شیٹس‘ جوکرز‘ میوزک کنسرٹ اور مقابلہ وائس آف لاہور کا انعقاد کیا گیا۔ فوٹو : ایکسپریس

موج' مزہ اور مستی کے رنگ لیے ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام ایکسپو سینٹر لاہور میں فیملیز کے لیے ہونے والا دو روزہ رنگا رنگ فیسٹیول شائقین کو تفریح کے بہترین مواقع فراہم کرنے اور ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کے بعد عوامی قہقہوں کی گونج میں اتوار کو اختتام پذیر ہو گیا۔ فیسٹیول میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور اسے اس قدر پسند کیا کہ اس نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے۔

دو روزہ رنگا رنگ ایکسپریس فیملی فیسٹیول کا افتتاح ہفتہ کو اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے کیا۔ آخری روز گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے فیسٹیول کا دورہ کیا' بیگم گورنر پروین سرور بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ گورنر شہریوں میں گھل مل گئے اور فیملیز ان کو اپنے درمیان پا کر بہت خوش ہوئیں۔ گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ کو مبارکباد دیتا ہوں کہ اس نے لاہور میں فیملیز کے لیے اتنا شاندار' کامیاب اور بڑا ایونٹ منعقد کیا جس میں یہاں پر خواتین' بچے اور مردوں کی بڑی تعداد موجود ہے' فیسٹیول میں جو اسٹال لگے ہیں اس سے کاروبار اور معیشت کو ترقی ملے گی۔

بیگم گورنر پرویز سرور نے بھی فیملی فیسٹیول کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس فیسٹیول میں ہر چیز بہت اچھی اور عمدہ نظر آ رہی ہے خاص طور پر خواتین کے لیے بہت ساری چیزیں ہیں، سب سے اچھی چیز ہے کہ ایونٹ کو بہت اچھے انداز میں آرگنائز کیا گیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بھی ایسے ہی جذبات کا اظہار کیا۔ گھٹن کے اس ماحول میں جہاں عوام دہشت گردی، بم دھماکوں، امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال، سیاسی افراتفری اور مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہیں ایسے میں ایکسپریس میڈیا گروپ نے دو روزہ رنگا رنگ فیملی فیسٹیول کا انعقاد کر کے انھیں بہترین تفریح کی صورت میں خوش ہونے کا بھرپور موقع فراہم کیا۔ لاہور جو میلوں ٹھیلوں کا شہر ہے عرصے سے ایک ایسے میلے اور تفریح سے محروم چلا آ رہا تھا جو عوام کو مسرت اور لطف اندوز ہونے کے لیے بھرپور موقع فراہم کر سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ کو عوام کی اس تشنگی کا بھرپور ادراک تھا اور اس نے جب زندہ دلان لاہور کو تفریح کا ایسا خوبصورت اور رنگا رنگ موقع فراہم کیا تو سب لوگ اس کے اختتام پر ایکسپریس میڈیا گروپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یہ کہنے پر مجبور ہو گئے کہ ہم ایکسپریس میڈیا گروپ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس طرح کے فیملی فیسٹیول کا زیادہ سے زیادہ انعقاد کرے تاکہ لوگوں کی اتنی بڑی تعداد ایک جگہ اکٹھا ہو کر لطف اندوز ہو سکے۔

فیسٹیول میں شائقین کی دلچسپی کے لیے مختلف کمپنیوں کے اسٹالز' روایتی و جدید کھانے' رنگ برنگے جھولے' جمپنگ شیٹس' جوکرز' میوزک کنسرٹ اور مقابلہ وائس آف لاہور کا انعقاد کیا گیا۔ شائقین کی دلچسپی بڑھانے کے لیے ڈسکاؤنٹ واؤچر' فیس پینٹنگ' نشانے بازی سمیت کئی سرگرمیاں متعارف کروائی گئیں۔ اتوار کی شب ہونے والے میوزک پروگرام میں گلوکار جواد احمد' امانت علی اور جاوید بشیر کی شاندار پرفارمنس نے منچلوں کو بھنگڑے ڈالنے پر مجبور کر دیا۔ شائقین معروف کامیڈین اللہ رکھا پیپسی اور غفار لہری کی مزاح سے بھرپور پرفارمنس سے بھی لوٹ پوٹ ہوتے رہے۔ میوزک پروگرام نے ایک طویل عرصے بعد زندہ دلان لاہور کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔ اس موقع پر نوجوان گلوکاروں کو بھی اپنا فن متعارف کرانے کا بھرپور موقع دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں