ڈینیل ویٹوری کی ڈھائی سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی

پاکستان کے خلاف کل سے شروع ہونے والے شارجہ ٹیسٹ میں ویٹوری کو گیارہ رکنی ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان


ویب ڈیسک November 25, 2014
گیارہ رکنی ٹیم میں شامل ہونے کے بعد ویٹوری نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ٹسیٹ میچزکھیلنے والے کھلاڑی بن جائیں گے. فوٹو؛فائل

نیوزی لینڈ کے تجربہ کار اسپنر ڈینیئل ویٹوری 2 سال سے زائد عرصے کے بعد ایک بار پھر ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بن گئے۔


نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے کل سے شروع ہونے والے شارجہ ٹیسٹ کے لئے ویٹوری کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے جو کہ جولائی 2012 کے بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بنے ہیں جبکہ کیویز کوچ مائیک ہیسن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دبئی کی سلو پچز پر ڈینیل ویٹوری موثر ہتھیار ثابت ہوسکتے ہیں جب کہ ابتدائی دو میچز میں اسپنر ایش سوڈھی اور مارک کریگ نے شاندار کاکردگی پیش کی تھی تاہم ویٹوری کی شمولیت کے بعد بولنگ لائن مزید مضبوط ہوگی۔


ڈینئل ویٹوری گزشتہ سال کئی بار انجریز کا شکار ہوئے جس کے باعث وہ ٹیسٹ کرکٹ نہ کھیل سکے تاہم اگر انہیں شارجہ ٹیسٹ میچ کی گیارہ رکنی ٹیم میں شامل کرلیا گیا تو وہ نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کھلاڑی بن جائیں گے جبکہ اس وقت اسٹیون فلیمنگ اور ویٹوری 111 میچز کے ساتھ سر فہرست ہیں۔


ابتدائی 2 ٹیسٹ میچوں میں نیوزی لینڈ نے 2 اسپنرز ایش سوڈھی اور مارک کریگ کو کھلایا تھا اور ویٹوری کی شمولیت کے بعد تیسرے میچ میں مہمان ٹیم ممکنہ طور پر 3 اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترے گی۔


واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں پاکستان کو نیوزی لینڈ پر ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں