کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پولیس افسر کی شہری سے لوٹ مار

مبینہ ٹاؤن میں وردی میں ملبوس سب انسپکٹر نے شہری سے دوران تلاشی لیپ ٹاپ اور موبائل فون چھین لیا

سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس اہلکار کی شناخت کی جائے گی اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، پولیس حکام، فوٹو:ایکسپریس نیوز

گلشن اقبال میں پولیس افسر نے اسنیپ چیکنگ کے دوران شہری سے لوٹ مار کی اور اس کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون لے کر فرار ہوگیا۔


ایکسپریس نیوز کو ملنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال مبینہ ٹاؤن میں اسنیپ چیکنگ پر تعینات پولیس افسر نے کار سوار شہری کو روک کر اس کی تلاشی لی اور اس دوران گاڑی میں موجود لیپ ٹاپ اور موبائل فون لے کر اپنے ساتھی کے ہمراہ فرار ہوگیا، شہری سے لوٹ مار کرنے والا اہلکار وردی میں ملبوس پولیس سب انسپکٹر تھا جبکہ اس کا ساتھی سادہ لباس میں ملبوس تھا جو لوٹ مار کے بعد باآسانی موٹرسائیکل پر فرار ہوئے۔

پولیس گردی کا شکار ہونے والی شہری کی جانب سے واقعہ کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کرایا گیا ہے تاہم واقعہ پر پولیس حکام کاکہنا ہےکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس اہلکار کی شناخت کی جائے گی اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
Load Next Story