شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں 4 افراد ہلاک
امریکی جاسوس طیارے کے رزمک میں حملے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شمالی اور جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے رزمک میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ امریکی جاسوس طیارے نے ایک مکان اور گاڑی پر 2 میزائل داغے جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ حملے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری اپنے اپنے گھروں میں محصور ہوگئے۔
دوسری جانب دفتر نے ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا، ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے اور ڈرون حملوں سے اس کی امن قائم کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے لہٰذا ڈرون حملے فوری بند کئے جائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا نے افغانستان اور پاکستان کی سرحد ڈیورنڈ لائن کے قریب ایک مکان پر ڈرون طیارے کے ذریعے 2 میزائل داغے تھے جس میں کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ کو نشانہ بنایا گیا تاہم ڈرون حملے سے کچھ دیر قبل ہی ملا فضل اللہ اس مقام سے روانہ ہونے کے باعث بال بال بچ گئے تھے۔