کوئٹہ میں انسداد پولیو ٹیم کی گاڑی پرفائرنگ سے 4 رضاکار جاں بحق

جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین بھی شامل ہیں جن میں 2 سگی بہنیں تھیں جبکہ سیکیورٹی فورسزنےعلاقے کو گھیرے میں لے لیا۔


ویب ڈیسک November 26, 2014
جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین بھی شامل ہیں جن میں 2 سگی بہنیں تھیں جبکہ سیکیورٹی فورسزنےعلاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ فوٹو؛ایکسپریس نیوز

مشرقی بائی پاس پر پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں تین خواتین سمیت 4 رضاکار جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہوگئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر پولیو رضاکار معمول کے مطابق بچوں کو قطرے پلانے مینگل آباد جا رہے تھے کہ 2 موٹر سائیکل پر سوار 4 مسلح دہشتگردوں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 7 رضاکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں طبی امداد کے دوران 4 زخمی دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں جن میں 2 سگی بہنیں حمیدہ اور اور حامدہ بی بی بھی ہیں جبکہ ایک جاں بحق خاتون کی شناخت ثانیہ کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق گاڑی میں 7 پولیو ورکرز سوار تھے۔


وقوعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر چھاپہ مار کارروائی شروع کردی جبکہ وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ افسوسناک واقعے کے بعد ضلع بھر میں جاری انسداد پولیو مہم غیر معینہ مدت تک کے لئے روک دی گئی جبکہ سیکرٹری داخلہ بلوچستان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دیگر اضلاع میں مہم جاری رہے گی اور رضاکاروں کو سخت سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔


واضح رہے کہ مشرقی بائی پاس کے قریب پولیو ٹیموں پر حملوں کے ماضی میں بھی 2 مرتبہ اس قسم کا واقعات پیش آچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں