افغانستان میں برطانیہ کے سفارت خانے کی گاڑی پر خودکش حملے میں 2 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں موٹر سائیکل پر سوار خود کش بمبار نے خود کو برطانوی سفارت خانے کی گاڑی سے ٹکرا دیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ برطانوی سفارت خانے کے ترجمان نے خود کش حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم افغان حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاہم ہلاک ہونے والوں کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 4 روز قبل بھی کابل میں امریکی فوجیوں کی گاڑی پر بم دھماکے میں 2 اہلکار ہلاک ہو ئے تھے جب کہ اس سے ایک روز قبل افغانستان کے مشرقی صوبے پکتیکا میں والی بال کے میچ کے دوران ہونے والے خود کش حملے کے نتیجے میں 57 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔