غیر جانبدار نگراں حکومت نہ بنی تو الیکشن کا بائیکاٹ کرینگے نواز شریف

بلوچوں کوبغاوت پرمجبورکیاگیا،مینگل کے 6نکات پرسنجیدگی سے غور کیاجائے ورنہ حالات مزید خراب ہونگے


Numaindgan Express October 01, 2012
ن لیگ کے صدر نواز شریف ڈیرہ مراد جمالی میںسیلاب زدگان سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن

مسلم لیگ (ن)کے سربراہ میاںنواز شریف نے کہا ہے کہ غیرجانبدارنگران حکومت کے بغیرشفاف انتخابات ممکن نہیں ہے۔

ایسانہیں ہوا توانتخابات کا بائیکاٹ کیا جائیگا، سندھ میں ایک اتحادی جماعت کوخوش کرنے کیلیے دہرابلدیاتی نظام نافذ کرکے عوام کی دل آزاری کی گئی، احتجاج میں قوم پرست تنظیموں کا بھرپورساتھ دینگے۔یہ بات انھوں نے جیکب آباد کے قریب گائوں آدم خان پہنور میں بارش اور سیلاب کے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کرنے کی تقریب اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں ڈیرہ مراد جمالی، ڈیرہ اللہ یار، جعفرآباد و دیگر علاقوں کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔

نوازشریف نے مزیدکہاکہ بلوچ رہنماسردار اختر مینگل کے 6نکاتی ایجنڈے کی بھرپورحمایت کرتے ہیں، وفاق اوربلوچستان کی صوبائی حکومت اس پر سنجیدگی سے غوروفکر کرے بصورت دیگربلوچستان کے حالات مزیدخراب ہوسکتے ہیں جس کی ذمے دار حکومت ہوگی، انھوں نے مزیدکہاکہ حالیہ برسات نے بڑی تباہی مچائی تاہم حکومت کی جانب سے متاثرین کو امداد فراہم نہیںکی گئی جوکہ قابل تشویش ہے، نواز لیگ متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑے گی، ان کی بحالی تک بھرپور مدد کی جائے گی۔

آئی این پی کے مطابق نوازشریف نے کہا کہ بلوچستان کے مسئلے کا حل صاف اور شفاف انتخابات میں ہے، بلوچوں کو بغاوت پر مجبورکیا گیا، بلوچ بھائی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ہم سے بہت دور چلے گئے ہیں، انہیں واپس لانے کیلیے تمام جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،صوبے میں مشرقی پاکستان جیسے حالات پیدا کیے گئے ، بلوچستان پیکیج پر میثاق جمہوریت کی طرح عمل نہیںکیاگیا،جنرل الیکشن سے پہلے غیر جانبدار نگراں سیٹ اپ آنا چاہیے ، حکومت متاثرین سیلاب کی آبادکاری کیلیے ایک ایک لاکھ روپے فی خاندان فراہم کرے۔

انھوں نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سیلاب میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے ورثا کو 2 لاکھ روپے فی کس دیے جائینگے۔ اس موقع پرسیدغوث علیشاہ، ماروی میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں نواز لیگ سربراہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے خصوصی جہازکے ذریعے شہباز ایئربیس پہنچے تو پارٹی کارکنان نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ اے پی پی کے مطابق میاں نوازشریف جب لہڑی ہاؤس میں ورکرز کے اجتماع میں پہنچے تو بعض کارکنوں نے حکومت مخالف نعرے بازی شروع کردی تاہم میاں نوازشریف نے کارکنوں کو نعرے بازی سے منع کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں