پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کرکٹرز بھی سخت رنجیدہ

شارجہ ٹیسٹ معطل،آج شروع ہوگا، اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی کو صدمہ ہوا،معین


AFP/Sports Desk November 28, 2014
میچ کے دوسرے روز کا کھیل جمعہ کو ہو گا،پاکستان اپنی اننگز 3وکٹ پر 281رنز سے دوبارہ شروع کرے گا، فوٹو: فائل

فلپ ہیوز کے انتقال پر پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کرکٹرز بھی سخت رنجیدہ نظر آئے،دونوں بورڈز نے اتفاق رائے سے دوسرے روز کا کھیل معطل کردیا، میزبان ٹیم جمعے کو اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کرے گی، میچ کا ایک روز تاخیر سے پیر کو اختتام ہوگا۔

پاکستانی منیجر معین خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی کو صدمہ ہوا، ہیوز ہنستی مسکراتی شخصیت اور دوستانہ رویہ رکھنے والے انسان تھے،ان کی موت ایک المیہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاک نیوزی لینڈ شارجہ ٹیسٹ میں دوسرے روز کاکھیل شروع ہونے میں ڈیڑھ گھنٹہ باقی تھا کہ آسٹریلوی بیٹسمین فلپ ہیوز کے انتقال کی خبر سامنے آگئی، پہلے میزبان ٹیم کی اننگز ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم بعد ازاں دونوں ممالک کے آفیشلز نے مشترکہ طور پر دوسرے روز کا کھیل مکمل طور پر معطل کرنے پر رضامندی ظاہر کردی، اب میچ کے دوسرے روز کا کھیل جمعہ کو ہو گا،پاکستان اپنی اننگز 3وکٹ پر 281رنز سے دوبارہ شروع کرے گا، اس سے قبل ٹیسٹ اتوار کو مکمل ہونا تھا۔

ری شیڈول کیے جانے کے بعد اب پیر کو میچ کا آخری روز ہوگا۔ پاکستانی ٹیم کے منیجر معین خان نے کہاکہ فلپ ہیوز کے انتقال کی خبر سن کر ہر کھلاڑی کو صدمہ ہوا،نوجوان بیٹسمین گذشتہ ماہ محدود اوورز کے میچز کی سیریز کیلیے آسٹریلوی اسکواڈ کے ہمراہ یو اے ای میں ہی موجود تھے، وہ ایک ہنستی مسکراتی شخصیت اور دوستانہ رویہ رکھنے والے انسان تھے جو ہمیشہ خوشدلی سے کرکٹ پر بات کرنا پسند کرتے،ان کی موت ایک المیہ ہے، آنجہانی کرکٹر کے سوگ میں ہی نیوزی لینڈ بورڈ کے ساتھ مل کر دوسرے روز کا کھیل معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں