پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت 36 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کر دیا ہے جو واہگہ بارڈر سے بذریعہ بس اپنے ملک روانہ ہوں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جذبہ خیر سگالی کے تحت 36 بھارتی ماہی گیروں کو ملیر جیل کراچی سے رہا کیا جنہیں لاہور کے لئے روانہ کیا جائے گا جہاں تمام ماہی گیر واہگہ بارڈر سے بذریعہ بس اپنے گھروں کے لئے روانہ ہوں گے۔ رہا پانے والے ماہی گیروں کا کہنا تھا کہ ہم حکومت پاکستان کے بہت مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمیں واپس اپنے گھروں کو جانے کی اجازت دی، ہم بھارت کی حکومت سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ گرفتار پاکستانی ماہی گیروں کو رہا کیا جائے کیونکہ ماہی گیر بہت ہی غریب لوگ ہوتے ہیں اور ان کا دارومدار ماہی گیری پرہوتا ہے۔
واضح رہے کہ 6 ماہ قبل بھی پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت 153 قیدیوں کو رہا کیا تھا۔ دوسری جانب بھارتی جیلوں میں بھی سیکڑوں پاکستانی ماہی گیر موجود ہیں جنہیں بھارتی حکومت واپس آنے کی اجازت نہیں دے رہی۔