مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پرحملے میں پاکستان کے ریاستی عناصرملوث ہیں بھارتی ہرزہ سرائی

پاکستان کی جانب سے بھارت کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، بھارتی وزیرداخلہ کی الزام تراشی

بھارتی حکومت القاعدہ سمیت کسی بھی دہشت گرد تنظیم کو اپنے ملک میں قدم جمانے نہیں دے گی، بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ فوٹو: فائل

بھارت نے اپنے جرائم پر پردہ پوشی کے لئے پاکستان پر بے بنیاد الزام لگانے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 2 روز قبل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے قافلے پر حملے میں پاکستان کے ریاستی اداروں کو ملوث قرار دیا ہے۔


بھارتی ریاست آسام کے شہر گوہاٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے روایتی الزام تراشی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، پاکستان نے مقبوضہ وادی کے قصبے ارنیا میں دو روز قبل بھارتی فوج پر حملے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر ریاستی عناصر کی کارروائی قرار دیا ہے، درحقیقت اس میں پاکستان کے ریاستی عناصر ملوث تھے۔

راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ داعش اب دنیا کے تمام ممالک کے لئے بڑا سیکیورٹی چیلنج ہے اور انتہائی خطرناک بات یہ ہے کہ نوجوانوں کا ایک بڑا حصہ اس تنظیم کے نظریات کا حامی ہے۔ بھارتی حکومت کسی بھی دہشت گرد تنظیم کو اپنے ملک میں قدم جمانے نہیں دے گی اور ان کا پوری طاقت کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا۔
Load Next Story