خالد محمود سومرو کے قتل کیخلاف مولانا فضل الرحمٰن کا کل ملک بھرمیں احتجاج کااعلان

احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے، کل ملک بھر کی شاہراہیں جام کردیں گے، مولانا فضل الرحمٰن

ریاست قاتلوں کو ہمارے حوالے کرے یا پھر قتل کی ذمہ داری قبول کرے، مولانا فضل الرحمان۔ فوٹو: فائل

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے سکھر میں ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کل ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ آج قوم ایک بے باک اور بہادر رہنما سے محروم ہو گئی ہے، ڈاکٹر خالد محمود سومرو کا قتل واضح کرتا ہے کہ ملک بھر میں قاتل دندنا پھر رہے ہیں لیکن ریاست بالکل ہی بے بس ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاجج ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے، اگر لوگوں کو جشن منانے کا حق ہے تو ہمیں بھی احتجاج کا حق ہے اور ہمارا حق ان سے زیادہ ہے، کل ڈاکٹر خالد سومرو کے قتل کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا، پورے ملک کی شاہراہیں جام کر دیں گے.


مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ناکام ریاست کو مزید وقت نہیں دے سکتے، قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے لیکن ریاست فوری طور پر قاتلوں کو ہمارے حوالے کرے یا پھر قتل کی ذمہ داری قبول کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس کل سکھر میں بلایا گیا ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما مولانا خالد محمود سومرو کو آج صبح سکھر میں نامعلوم افراد نے نماز فجر کی ادائیگی کے موقع پر فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔
Load Next Story