پاکستان عوامی تحریک اور اس کی اتحادی جماعتوں نے 30 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور میں پاکستان عوامی تحریک اور اس کی اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں 30 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے جلسے میں شرکت اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام جماعتوں نے جلسے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت اور دیگر اتحادی تحریک انصاف کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں لیکن تحریک انصاف نے ہمیں نہ دھرنے کا شیڈول دیا اور نہ ہی اس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی ، اس کے علاوہ جلسے کے اغراض ومقاصد بھی واضح نہیں اس لئے پاکستان عوامی تحریک اور اس کی اتحادی جماعتیں جلسے میں شرکت نہیں کریں گی۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک نے 14 اگست کو حکومت کے خلاف لاہور سے اسلام آباد مارچ کیا تھا اور دونوں جماعتوں نے ریڈ زون میں کئی روز دھرنا بھی تھا تاہم بعد میں ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنا دھرنا ختم کرکے ملک گیر سطح پر احتجاج کا اعلان کیا تھا جبکہ تحریک انصاف کا دھرنا اب بھی جاری ہے۔