ہیوزکے سوگ میں آسٹریلیا نے برسبین ٹیسٹ ملتوی کردیا

پلیئرزجذباتی ہیں،فوری طورپرکرکٹ کھیلنے کیلیے میدان میں اترنا ممکن نہیں، بورڈ

پلیئرزجذباتی ہیں،فوری طورپرکرکٹ کھیلنے کیلیے میدان میں اترنا ممکن نہیں، بورڈ ۔ فوٹو: اے ایف پی

کرکٹ آسٹریلیا نے فل ہیوز کے سوگ میں بھارت کیخلاف 4 دسمبر سے برسبین میں ہونے والا پہلا ٹیسٹ ملتوی کر دیا۔


آنجہانی کی آخری رسومات 3دسمبر کو آبائی قصبے میکس ویلے میں ادا کی جائیں گی، پہلے ٹیسٹ کی دیگر تفصیلات کا ابھی اعلان نہیں کیاگیا ہے، سی اے کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ نے کہا کہ ہیوز کی آخری رسومات کے اگلے دن ہمارے کرکٹرز کیلیے میچ میں شریک ہونا ممکن نہیں ہوگا۔

وہ اپنے ساتھی کی المناک موت پر انتہائی جذباتی ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں چاہتے کہ ہمارے کھلاڑی ایسی صورتحال میں کرکٹ کھیلیں، ہماری ترجیحات واضح ہیں، وہ سوگ منا رہے ہیں اور ان سے یہ امید کرنا بے جا ہوگا کہ وہ ہیوز کی آخری رسومات کے اگلے دن ٹیسٹ کھیلیں، ہم نے یہ فیصلہ پلیئرز، بھارتی بورڈ ، آئی سی سی اور اپنے براڈ کاسٹرز سے مشاورت کے بعد کیا، دریں اثنا پہلا ٹیسٹ اب ہیوز کے ہوم گرائونڈ ایڈیلیڈ میں ہونے کا امکان ہے، ایسی صورت میں دوسرا میچ برسبین منتقل کر دیا جائیگا۔
Load Next Story