کراچی میں بین الاقوامی دفاعی نمائش’’آئیڈیاز 2014‘‘ کی تیاریاں مکمل

نمائش میں 333 ملکی وغیرملکی کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کریں گی جن میں ہتھیاروں کےعلاوہ جدید کمیونیکیشن سسٹم بھی ہوں گے

نمائش میں جے ایف 17تھنڈر، الخالد و الضرار ٹینک اور سعد بکتر بند گاڑیاں بھی رکھی جائیں گی۔ فوٹو: ایکسپریس

ایکسپو سینٹر میں بین الاقوامی دفاعی آئیڈیاز 2014 کل سے شروع ہورہی ہے جس میں 333 ملکی و بین الاقوامی کمپنیاں اور 88 بین الاقوامی وفود شرکت کریں گے۔


دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید ترین اسلحہ سازی میں پاکستان کے مقام کو اجاگر کرنے کے لئے 8ویں بین الاقوامی دفاعی نمائش''آئیڈیاز 2014'' کل سے شروع ہورہی ہے جو 4 دسمبر تک جاری رہے گی۔ نمائش کا افتتاح وزیر اعظم نواز شریف کریں گے۔ نمائش میں 77 پاکستانی اور 256 غیر ملکی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی جن میں روایتی ہتھیاروں کے ساتھ جدید کمیونی کیشن اور سرویلنس سسٹم بھی ہوں گے۔ اس کے علاوہ چین کے تعاون سے تیار کردہ جدید ترین لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر، الخالد و الضرار ٹینک اور سعد بکتر بند گاڑیاں بھی رکھی جائیں گی۔ آئیڈیاز 2014ءکے دوران دفاعی صنعتی پیداوار میں تعاون بڑھانے کے لئے غیر ملکی وفود، اہم سرکاری حکام، نمائش میں شرکت کرنے والے نمائندگان کے درمیان کئی اہم اعلیٰ سطح اجلاس کے علاوہ مقامی ہوٹل میں انٹرنیشنل ڈیفنس سیمینار بھی منعقد کیا جارہا ہے۔

'آئیڈیاز 2014' نمائش کے دوران سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر 110 پولیس موبائلیں اور 34 موٹر سائیکلیں سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور رہیں گی جو ایکسپو سینٹر سمیت شارع فیصل ، حسن اسکوائر ، اسٹیڈیم روڈ ، کارساز روڈ اور یونیورسٹی روڈ سمیت ملحقہ علاقوں میں مسلسل گشت کریں گی۔ نمائش کے دوران سر شاہ سلیمان روڈ ، حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم کراسنگ تک یکم تا 4 دسمبر صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک عام ٹریفک کے بند رہے گا، اس اہم سڑک پر صرف خصوصی اسٹیکرز والی گاڑیوں کو اسٹیڈم فلائی اوور سے ایکسپو سینٹر تک جانے کی اجازت ہوگی جبکہ دیگر تمام ٹریفک کو اسٹیڈیم روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 2 دسمبر کو ایوان صدر روڈ شام 6 بجے سے رات 12 بجے بند رہے گا اور اس دوران اس سڑک پر کسی بھی قسم کی گاڑی کو پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور انہی اوقات میں عبداﷲ ہارون روڈ ، سندھ کلب چوک تا فوراہ چوک تک بھی پارکنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
Load Next Story