چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے مزید مہلت حکومت کی حتمی یقین دہانی سے مشروط

اٹارنی جنرل یقین دہانی کرادیں کہ چیف الیکشن کمشنر کا نام حتمی ہوگاتو مزید مہلت دے سکتے ہیں، چیف جسٹس

چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سے متعلق مثبت پیش رفت ہوئی ہے، اٹارنی جنرل فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کےلئے مزید مہلت حکومت کی حتمی یقین دہانی سے مشروط کردی۔


چیف جسٹس پاکستان جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نےچیف الیکشن کمشنر تقرری کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سے متعلق مثبت پیش رفت ہوئی ہے آج شام وزیراعظم نواز شریف اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ ملاقات کریں گے، امید ہے کہ اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا معاملہ حل ہوجائے گا۔ چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا آج چیف الیکشن کمشنرکی تقرری ہوجائےگی؟۔ جسٹس گلزار نے ریمارکس دیئے کہ اطلاعات یہ ہے کہ آئینی ترمیم کے باعث معاملہ التوا کا شکار ہے، جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہورہا۔

اس موقع پر اٹارنی جنرل نے عدالت عظمیٰ سے چیف الیکشن کمشنرکی تقرری کے لئے پیرتک مہلت دینے کی استدعا کی، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ قائم مقام الیکشن کمشنر کو5دسمبرسےواپس بلانےکاحکم دے چکے ہیں، وہ ٹھوس یقین دہانی کرادیں کہ چیف الیکشن کمشنر کا نام حتمی ہوگا توعدالت مزید مہلت دے سکتی ہے۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم کراچی کے دورے پر ہیں جس پر سپریم کورٹ نے انہیں حکومتی ہدایات لینے کے لئے ایک روز کی مہلت دے دی۔ کیس کی مزید سماعت کل ہوگی۔
Load Next Story