بلوچستان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام اسلحہ اور بارود سے بھرا ٹرک پکڑا گیا

بلوچستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں ہے، دیواروں پر زندہ باد اور مردہ باد تو میں بھی لکھ سکتا ہوں، سرفراز بگٹی

انٹیلی جنس اداروں کی کارروائیوں میں 5 ہزار کلو گرام بارودی مواد، 200 کلاشکوفیں، تیار بم اور راکٹ لانچر پکڑے گئے۔ فوٹو: فائل

فرنٹیئر کور نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بتاتے ہوئے اسلحہ و بارود سے بھرا ٹرک اور بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرتے ہوئے 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔


وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایف سی اور حساس اداروں نے کامیاب کارروائی کر کے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکا م بنایا ہے، کامیاب کارروائی پر ایف سی اور حساس اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد مختلف علاقوں میں اسلحہ و بارود منتقل کر کے بلوچ اور پشتون بھائیوں میں تصادم کرانا چاہتے تھے، پاکستان آرمی، حساس اداروں اور ایف سی کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کےعزائم کو ناکام بنائیں گے اور بلوچستان کو پر امن ا ور خوشحال بنائیں گے۔ بلوچستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں ہے، دیواروں پر زندہ باد اور مردہ باد تو میں بھی لکھ سکتا ہوں۔

ترجمان ایف سی نے بتایا کہ حساس اداروں کی رپورٹ پر پنجگور، قلعہ سیف اللہ اور ژوب سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی گئی جس میں اسلحہ و بارود سے بھرا ٹرک اور بڑی تعداد میں جدید اور روایتی ہتھیار برآمد کئے گئے۔ انٹیلی جنس اداروں کی کارروائیوں میں 5 ہزار کلو گرام بارودی مواد، 200 کلاشکوفیں، تیار بم، بڑی تعداد میں ڈیٹونیٹر، آئی ای ڈیز، 30 بور کے درجنوں پستول، راکٹ لانچرز اور ہیند گرینیڈ بھی برآمد ہوئے جب کہ 3 ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
Load Next Story