عمران خان کی باتیں درست اور سچی ہیں اعتزاز احسن

4 دسمبر کو لاہور کو مفلوج کیا جاسکتا ہے لیکن اس کے لئے عمران کان کو بہت محنت کرنا ہوگی، رہنما پیپلز پارٹی

عمران خان یاد رکھیں کہ 16 دسمبر کے بعد 17 دسمبر بھی آتا ہے، اعتزاز احسن فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزازاحسن کہتے ہیں کہ عمران خان کی باتیں درست اور سچی ہیں لیکن وہ ہدف مشکل چُنتے ہیں۔


لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نواز شریف کی کرپشن،خاندانی سیاست اور ان کے وزرا کے تکبر کے سخت خلاف ہے، حکومت پر مشکل وقت آئے تو وزرا کا لہجہ نرم ہو جاتا ہے اور جب یہ مشکل دور ختم ہوجاتا ہے تو وہ پھر سخت لہجے میں باتیں شروع کر دیتے ہیں۔ ملک میں جاری لشکریت کی کیفیت کے بعد وزیر اعظم اور حکومت کو سخت اپوزیشن ملے گی۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ عمران خان کی باتیں درست اور سچی ہیں لیکن وہ ہدف مشکل چُنتے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ عمران خان شیخ رشید کے ہاتھ میں کھیل رہے ہیں، ان کا پلان 'اے' اور 'بی' ناکام ہوچکا ہے، پلان 'سی' کے تحت 16دسمبر کو پاکستان بند ہوگا یا نہیں اس کا پتہ 4 دسمبر کو لاہور کی صورتحال دیکھ کر چل جائے گا، شہر کو مفلوج کیا جاسکتا ہے لیکن اس کے لئے عمران خان کو سخت محنت کرنا پڑے گی، اس کے علاوہ عمران خان کو یہ بھی یاد رکھنا ہوگا کہ 16 دسمبر کے بعد 17 دسمبر بھی آتا ہے۔
Load Next Story