منہ پھٹ ہوں اس لئے کبھی کامیاب سیاستدان نہیں بن سکتی عتیقہ اوڈھو

سیاست میں لوگوں کو بہت مصلحت پسندی سے کام لینا پڑتا ہے جو مجھ سے نہیں ہوتا، عتیقہ اوڈھو


ویب ڈیسک December 01, 2014
ہمارے ملک کی خواتین بہت باہمت ہیں، عتیقہ اوڈھو فوٹو: فائل

ISLAMABAD: معروف اداکارہ اور آل پاکستان مسلم لیگ کی رہنما عتیقہ اوڈھو کہتی ہیں کہ انہیں کوئی چیز اچھی نہیں لگتی تو وہ منہ پر کہہ دیتی ہیں جبکہ سیاست میں مصلحت پسندی سے کام لینا پڑتا ہے جس کی وجہ سے وہ سمجھتی ہیں کہ شائد وہ کبھی کامیاب سیاستدان نہیں بن سکیں گی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں عتیقہ اوڈھو کا کہنا تھا کہ ایک اداکار کی زندگی تبدیلی سے عبارت ہے۔ اگر کوئی اداکار اپنے آپ میں تبدیلی نہیں لائے گا تو وہ نہ تو خود کچھ سیکھ سکے گا اور نہ ہی اپنے ناظرین کے ساتھ جڑا رہ سکتا ہے۔ اگر وہ خود اپنے کیرئیر کے دوران ایک ہی طرح کے کردار نبھاتیں تو لوگ ان سے بور ہوجاتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کی خواتین بہت باہمت ہیں،وہ سمجھتی ہیں کہ پاکستان کا مستقبل خواتین ہی کی وجہ سے ہی سنورے گا، موجودہ دھرنوں میں نظر ڈالی جائے تو ہمیں ان میں خواتین کی بڑی تعداد نظر آتی ہے۔

عتیقہ اوڈھو کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں بہت سے مرد یہ برداشت نہیں کرتے کہ ان کی بیوی سیاسی طور پر متحرک بھی ہو اور وہ ان سے مختلف سیاسی نظریات بھی رکھ سکے لیکن اس سلسلے میں ان کے گھر میں مکمل جمہوریت ہے کیونکہ ان کے شوہر ثمر علی خان کا تعلق تحریک انصاف سے ہے جبکہ وہ خود پرویز مشرف کی آل پاکستان مسلم لیگ سے وابستہ ہیں۔ وہ بہت منہ پھٹ ہیں جوچیز انہیں سمجھ نہ آئے یا اچھی نہ لگے تو وہ اس کا اظہار کھل کر کرتی ہیں لیکن سیاست میں لوگوں کو مصلحت پسندی سے کام لینا پڑتا ہے جو ان سے نہیں ہوتا۔ اس لئے وہ سمجھتی ہیں کہ وہ کامیاب سیاستدان نہیں بن سکیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔