جو جماعتیں شہر بند کرانے پر دوسروں کو تنقید کا نشانہ بناتی تھیں وہ خود اسی ڈگر پر چل پڑی ہیں، آصف علی زرداری،
فوٹو:فائل
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ فاسٹ بولر کو اگر وکٹ نہ ملے تو وہ اکتا جاتا ہے لیکن جلد باز سن لیں سیاست کوئی کرکٹ نہیں ہے۔
لاہور میں پیپلزپارٹی سوشل سروسز ونگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ملک اور قوم میں انارکی پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ہمیں ہر حال میں جمہوریت کا دفاع کرنا ہے اور ہم ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں ون ڈے یا ٹی ٹوئنٹی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچ میں صبر ہوتا ہے اور اگر فاسٹ بولر کو وکٹ نہ ملے تو وہ اکتانے لگتا ہے لیکن سیاست کرکٹ سے مختلف ہے جس میں صبر و تحمل سے کام لیا جاتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ میچ کھیلنے والوں کو گیندیں کرنے دیں اس دوران ہمیں اپنی جماعت کو منظم کرنے کا وقت مل جائے گا جب کہ جو جماعتیں شہر بند کرانے پر دوسروں کو تنقید کا نشانہ بناتی تھیں وہ خود اسی ڈگر پر چل پڑی ہیں تاہم موجودہ حالات میں سوچ و بیچار کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بھٹو کی سوچ کو ضیاالحق ختم نہیں کرسکے اسی طرح دہشتگرد محترمہ کی سوچ کو کبھی ختم نہیں کرسکیں گے جب کہ ہمیں ایسے شیطان کا سامنا ہے جس کا نہ سر ہے اور نہ پیر اور دہشتگردی کے نام پر جو جہاد ہورہاہے اس میں مرنےاورمارنےوالے دونوں ہی کلمہ پڑھتےہیں۔