ایم کیو ایم سے دوبارہ دوستی ہوسکتی ہے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ

عمران خان کراچی میں جلسہ کرنے جارہے ہیں اگر اس میں کسی تصادم کا خطرہ ہوا تو اسے روکا جائے گا، سید قائم علی شاہ


ویب ڈیسک December 01, 2014
بلاول بھٹو اور آصف زرداری میں کوئی اختلافات نہیں، قائم علی شاہ، فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم سے دوبارہ دوستی ہوسکتی ہے کیونکہ سیاست میں یہ سب چلتا رہتا ہے جبکہ عمران خان کو سب سے لڑنے کا شوق ہے تو یہ ان کی مرضی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی حالت پہلے سے بہتر ہے اور شہر میں کسی کو امن وامان خراب نہیں کرنے دیں گے جبکہ عمران خان کراچی میں جلسہ کرنے جارہے ہیں اگر اس میں کسی تصادم کا خطرہ ہوا تو اسے روکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کا کوئی گٹھ جوڑ نہیں ہے ہم صرف جمہوریت کو گرنے دینا نہیں چاہتے کیونکہ پیپلزپارٹی نے اس کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں۔

قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم سے دوبارہ دوستی ہوسکتی ہے کیونکہ سیاست میں دوست دشمن اور دشمن دوست بن جاتے ہیں اور یہ سب چلتا رہتا ہے جبکہ عمران خان کا سب سے لڑنے کا وطیرہ ہے اور اگر انہیں سب سے لڑنے کا شوق ہے تو یہ ان کی مرضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری میں کوئی اختلافات نہیں، بلاول بھٹو علالت کے باعث یوم تاسیس پر لاہور نہیں آسکے لیکن وہ جلد لاہور آکر پارٹی کو فعال کریں گے اور پیپلزپارٹی کا ہیڈ کوارٹر بلاول ہاؤس لاہور میں ہی بنے گا۔ تھر میں صحت کی سہولیات سے متعلق سوال پر قائم علی شاہ نے کہا کہ تھرپارکر کے اسپتال سندھ کے ہر اسپتال سے بہتر ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔