ٹرانسپورٹ کرایوں میں ریلیف ضروری

یہ عذر لنگ کسی صورت قابل قبول نہیں کیونکہ کرایے کی شرح ڈیزل کی مناسبت سے طے کی گئی ہے


Editorial December 01, 2014
پنجاب اور اسلام آباد کے ٹرانسپورٹرز نے کرائے مزید کم کرنے کا اعلان کردیا ہے، فوٹو:فائل

وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا مژدہ جانفزا عوام کے لیے نہایت خوش کن ثابت ہوا ہے کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے کرایوں اور دیگر مدات میں اضافی لاگت لامحالہ مہنگائی بڑھنے کا باعث بنتی ہے ۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایے بھی پٹرولیم کی قیمتوں سے مشروط ہیں اور عوام پرامید تھے کہ قیمتوں میں کمی کے اعلان کے ساتھ ہی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی مناسب کمی کا اعلان کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں اطلاعات ہیں کہ پنجاب اور اسلام آباد کے ٹرانسپورٹرز نے کرائے مزید کم کرنے کا اعلان کردیا ہے تاہم کراچی کے ٹرانسپورٹرز کرائے کم کرنے سے انکاری ہیں ۔ پنجاب میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایے 8 فیصد کم، پبلک ٹرانسپورٹ اے سی کے کرایوں میں 7فیصد اور نان اے سی کے کرایوں میں 7 پیسے فی کلو میٹر کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اسلام آباد کی ٹرانسپورٹ تنظیموں نے پیر سے کرایوں میں مزید کمی کرنے کا اعلان کیا۔

آل پاکستان ٹرانسپورٹ ورکرز ویلفیئر یونین کے سربراہ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کے بعد ہم نے بھی بیرون شہر جانے والی تمام ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اسی تناسب سے کمی کا فیصلہ کیا ہے، اندرون شہر اور جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کے درمیان ٹرانسپورٹ سروس کے کرائے بھی کم کیے جارہے ہیں، جب کہ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے نائب صدر کا کہنا ہے کہ کراچی میں چلنے والی 90 فیصد پبلک ٹرانسپورٹ سی این جی پر منتقل ہوچکی ہیں، اگر سی این جی کی قیمتوں میں کمی کی گئی تو کرایوں میں کمی کردیں گے ۔

یہ عذر لنگ کسی صورت قابل قبول نہیں کیونکہ کرایے کی شرح ڈیزل کی مناسبت سے طے کی گئی ہے ۔ دوسری طرف سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے دعویٰ کہا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ، انٹر سٹی بس ٹرانسپورٹ، رکشہ و ٹیکسی کا کرایہ کم کرنے کا فیصلہ ہوگیا ہے ۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یقیناً یہ صائب فیصلہ ہوگا ۔ وزیراعظم پاکستان نے عوام کی بہتری کے لیے فیصلے لینے شروع کردیے ہیں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان جہاں عوام کا دل جیت رہا ہے وہیں اس کے ثمرات دیگر صورتوں یعنی مہنگائی اور کرایوں میں کمی کی صورت بھی عوام تک پہنچنے چاہئیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔