حصص مارکیٹ میں تیزی 101 پوائنس کا اضافہ

انڈیکس 31299 پوائنٹس پر بند، تیزی کے باوجود 5 ارب 27 کروڑ روپے کا نقصان، 32 کروڑ 39 لاکھ حصص کے سودے


Business Reporter December 02, 2014
انڈیکس 31299 پوائنٹس پر بند، تیزی کے باوجود 5 ارب 27 کروڑ روپے کا نقصان، 32 کروڑ 39 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد میں 30 نومبر کو دھرنے کے پرامن اختتام کے باعث کراچی اسٹاک مارکیٹ میں نئے کاروباری ہفتے کا آغاز تیزی سے ہوا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 101.74 پوائنٹس کے اضافے سے 31299.72 پر پہنچ گیا۔

مارکیٹ میں تیزی کے باوجود سرمائے کے حجم میں 5 ارب 27 کروڑ روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد مارکیٹ سرمائے کا مجموعی حجم 71 کھرب 46 ارب روپے رہ گیا، سرمایہ کاروں نے سیمنٹ، ٹیلی کام اور فرٹیلائزر سیکٹرز میں حصص کی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی، گزشتہ روز کاروباری حجم میں 8 کروڑ سے زائد حصص (35 فیصد) کا اضافہ دیکھا گیا اور 32 کروڑ 39 لاکھ 48 ہزار 590 حصص کا لین دین ہوا۔

ٹریڈنگ کے دوران آئل اینڈ گیس انڈیکس میں 625 جبکہ بینکنگ انڈیکس میں 0.62 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، مجموعی طور پر 364 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 229 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 109 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور 26 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں نے اسلام آباد میں 30 نومبر کو تحریک انصاف کے جلسے کے پر امن اختتام پر سکھ کا سانس لیا اور یہی وجہ ہے کہ کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ میں نہ صرف تیزی رہی بلکہ کاروباری حجم میں بھی زبردست اضافہ دیکھا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔