کراچی میں نوجوان کی ٹارگٹ کلنگ کی خبر سن کر باپ بھی چل بسا ماں پر سکتہ طاری

ایک ہی گھر میں دو لاشیں پہنچنے پر پورا علاقے میں سوگ کی فضا طاری ہے اور کاروبار زندگی مکمل طور پر بند ہے۔


ویب ڈیسک December 02, 2014
مقتول سہیل کے لواحقین میں ماں، بیوی اور ڈیڑھ سالہ بچی شامل ہے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زندگی کی بازی ہارنے والے پان فروش کی موت کی خبر سن کر اس کا باپ بھی چل بسا۔

کراچی میں اورنگی ٹاؤن سیکٹر 15 میں بدھ بازار کے قریب واقع موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے پان کے کیبن پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 32 سالہ سہیل عرف مستانہ، 35 سالہ توصیف اور 28 سالہ آصف شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں سہیل عرف مستانہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ سہیل کی اچانک موت کی اطلاع اس کے والد سبحان پر بجلی بن کر گری اور انھیں دل کا جان لیوا دورہ پڑگیا جنھیں فوری طور پر انتہائی تشویشناک حالت میں قریب ہی واقع اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ بھی خالق حقیقی سے جا ملے، جواں سال بیٹے اور شوہر کی موت کی وجہ سے سہیل کی والدہ بھی سکتے کی کیفیت میں ہے۔ ایک ہی گھر میں دو لاشیں پہنچنے پر پورا علاقے میں سوگ کی فضا طاری ہے اور کاروبار زندگی مکمل طور پر بند ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک برس سے کراچی میں ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہیں اور اس میں ہزاروں ملزمان کی گرفتاری کے دعوے بھی کئے گئے ہیں لیکن صورتحال یہ ہے کہ قاتل ہر روز کئی گھروں کے چشم و چراغ بجھا کر آسانی سے فرار ہوجاتے ہیں اور نتیجے میں عوام کو مختلف پابندیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے.

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔