FAISALABAD:
اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے منی لانڈرنگ کیس میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ضمانت میں 14 اپریل 2015 تک توسیع کردی ہے۔
قائد ایم کیوایم الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ضمانت میں توسیع برطانوی عدالتی نظام کا معمول ہے اور مجھے توقع ہے کہ اس توسیعی عمل سے حکام کو جلد از جلد حتمی نتیجے پر پہنچنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کارکنان اوراپنے چاہنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ثابت قدمی کا مظاہرہ جاری رکھیں اور حق کی سربلندی کے لئے دعا گو رہیں۔
الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم بین الاقوامی اقدار سے ہم آہنگ قومی جماعت ہے جو ملک سے فرسودہ جاگیرادانہ اور وڈیرانہ نظام کے خاتمے کے لئے پر امن سیاسی وجمہوری جدودجہد میں مصرو ف ہے اور پاکستان میں عوام کے لئے حقیقی جمہوری نظام کا نفاذچاہتی ہے۔
واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے گزشتہ برس جون میں الطاف حسین کو منی لانڈرنگ میں پولیس اسٹیشن طلب کیا تھا تاہم بعد میں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا بعد ازاں ان کی ضمانت میں توسیع کی گئی تھی۔