حکومت کا تحریک انصاف سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ

پرویزخٹک حکومت پر سنگین الزامات لگاتے ہیں اور دوسری جانب اپنی حکومت بچانےکیلئے ہم سےخفیہ ملاقاتیں کرتےہیں، چوہدری نثار

کومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکراتی عمل ستمبر میں معطل ہوگیا تھا

حکومت نے تحریک انصاف سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ چوہدری نثار نے مشاورت کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف سے مذاکرات کی دوبارہ بحالی کے لئے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کے درمیان ٹیلی فون پر تفصیلی مشاورت ہوئی جس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ برطانیہ سے واپسی کے بعد باہمی صلح و مشورے کے بعد مذاکرات کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔


دوسری جانب اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے سنگین الزامات لگانے کے باوجود حکومت نے ان سے مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے اس بارے میں وزیر اعظم نواز شریف کو بھی رپورٹ دے دی ہے تاہم مذاکرات کرنے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کی منظوری سےکیاجائے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ منافقت سے ملک میں انقلاب نہیں آتے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ایک جانب حکومت اور وزرا پر سنگین الزامات لگاتے ہیں تو کچھ عرصہ قبل تک وہ پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ان سے خفیہ ملاقاتیں کرتے تھے، جس میں وہ خیبر پختونخوا حکومت کو بچانے کی اپیل کرتے اور کہتے تھے کہ حکومت عمران خان کو استعفوں کے معاملے میں سمجھائے، اگر عمران خان چاہیں تو وہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی خفیہ ملاقاتوں کا ریکارڈ بھی دینے کو تیار ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکراتی عمل ستمبر میں معطل ہوگیا تھا تاہم 30 نومبر کو اسلام آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف اپنے پلان سی کے اعلان میں کراچی، لاہوراورفیصل آباد کے ساتھ پورے ملک کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم انہوں نے اس دوران حکومت سے مذاکرات پر مشروط آمادگی بھی ظاہر کی تھی۔
Load Next Story