مشرف غداری کیس حکومت کی شریک ملزمان کو شامل کرنے کیلئے عدالت سے 2 ہفتے دینے کی درخواست

کیس میں شریک ملزمان سے متعلق عدالتی حکم پر قانونی مشاورت جاری ہے تاہم اس کیلئے 2 ہفتے کی مہلت دی جائے، حکومت کا موقف


ویب ڈیسک December 04, 2014
خصوصی عدالت نےشوکت عزیز، سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر اور زاہد حامد کو کیس میں شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔ فوٹو:فائل

وفاقی حکومت نے پرویز مشرف پر غداری کیس میں ان کے دیگر ساتھیوں کو بھی شریک ملزمان کے طور پر شامل کرنے کے لیے عدالت سے 2 ہفتے دینے کی درخواست کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق وفاقی حکومت کی جانب سے خصوصی عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں سابق صدر پرویز مشرف پر آئین شکنی سے متعلق سنگین غداری کیس میں ان کے دیگر ساتھیوں کو بھی شریک ملزمان کے طور پر شامل کرنے کے لیے 2 ہفتے کا وقت مانگا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ کیس میں شریک ملزمان سے متعلق عدالتی حکم پر قانونی مشاورت جاری ہے جس کا آئینی و قانونی پہلوؤں سے جائزہ لیا جارہا جب کہ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس میں شہادت مکمل ہوچکی ہے، خصوصی عدالت میں مقدمے کی سماعت 9 دسمبر کو ہوگی۔

واضح رہے کہ سابق صدر پرویزمشرف کی جانب سے غداری کیس میں دیگر افراد کو بھی شامل کرنے کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے اس وقت کے وزیراعظم شوکت عزیز، سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر اور زاہد حامد کو بھی شامل کرنے کا حکم دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں