امریکا نے پاکستان کی فوجی امداد میں ایک سال کے لئے مشروط توسیع کردی

کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں پاکستان کو دی جانے والی رقم اب ایک ارب ڈالر سے زیادہ نہیں ہوگی، امریکی بجٹ تجاویز

امریکی وزیردفاع کو اس بات کا یقین دلانا ہوگا کہ پاکستان میں آپریشن کے بعد دہشتگرد دوبارہ اپنی محفوظ پناہ گاہیں نہیں پائیں گے، کانگریس فوٹو؛فائل

امریکا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو دی جانے والی امداد (کولیشن سپورٹ فنڈ) میں مشروط طور پر ایک سال کی توسیع کردی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی کانگریس نے پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف فوجی کارروائی کے لئے دی جانے والی امداد میں مزید ایک برس کی توسیع کو اپنے 521 ارب ڈالر کے بجٹ کی حتمی تجاویز میں مشروط طور پر شامل کر لیا ہے جس کے مطابق کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں پاکستان کو دی جانے والی رقم اب ایک ارب ڈالر سے زیادہ نہیں ہوگی جب کہ امریکی وزیر دفاع کی صوابدید پر 30 کروڑ ڈالر تک کی رقم جاری کرانے کا اختیار بھی واپس لے لیا گیا ہے۔


امریکی کانگریس کی شرائط کے تحت اب پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مدد کے لیے رقم جاری کرنے سے قبل امریکی وزیر دفاع کو اس بات کا یقین دلانا ہوگا کہ پاکستان میں فوجی کارروائی کے دوران شدت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہیں اور آزادانہ نقل و حرکت ختم ہوگئی ہے جب کہ وزیر دفاع کو یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ پاکستان ایسے اقدام اٹھا رہا ہے جس کے بعد شدت پسند شمالی وزیرستان میں دوبارہ اپنا ٹھکانہ نہیں بنا پائیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال بھی امریکی کانگریس کی جانب سے کولیشن سپورٹ فنڈ کے اجرا کے لیے شرائط رکھی گئی تھیں جس کے تحت امریکی وزرائے خارجہ و دفاع کو کانگریس کو اس بات کا یقین دلانا تھا کہ پاکستان القاعدہ، تحريک طالبان پاکستان، حقانی نیٹ ورک اور دیگر شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں کیا مدد کر رہا ہے جب کہ امریکی سازوسامان کی نقل و حرکت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے کردار اور پاکستانی سرزمین سے امریکی یا افغان فوج پر ہونے والے حملوں کو روکنے کے لیے پاکستانی اقدامات کے بارے میں شرائط بھی بجٹ میں شامل تھیں۔
Load Next Story