الیکشن کمیشن کو نئے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کے تقرر کا باقاعدہ طور پر نوٹی فکیشن موصول ہوگیا جب کہ کل اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا آئندہ 5 سال تک چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر تعینات رہیں گے جب کہ اس حوالے سے وزارت پارلیمانی امورنےتقرری کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ گزشتہ روزپارلیمانی کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر کیلئے سردار محمد رضا کی متفقہ منظوری دی جس کے بعد صدر نے سمری پر دستخط کئے جو کہ الیکشن کمیشن کو موصول ہوچکی ہے۔ سردار محمد رضا کل ایک بجے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جبکہ چیف جسٹس ناصرالملک سپریم کورٹ میں تقریب کے دوران سردار محمد رضا سے حلف لیں گے۔
واضح رہے کہ جسٹس (ر) سردار محمد رضا 10 فروری 1945 کو ایبٹ آباد کے گاؤں نملی میرا میں پیدا ہوئے اور انہوں نے ابتدائی تعلیم مقامی اسکول اور کالج سے حاصل کی جس کے بعد انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے اکنامکس کی ڈگری حاصل کی اور اسی یونیورسٹی سے 1967 میں ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔ سردار محمد رضا سپریم کورٹ میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں جب کہ وہ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بھی رہے ہیں۔