مقبوضہ جموں کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں کے کیمپ پر مزاحمت کاروں کے حملے کے نتیجے میں اعلیٰ فوجی افسر سمیت 8 فوجی اور 3 پولیس اہلکار مارے گئے جبکہ اس دوران 6 مزاحمت کار بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ جموں کشمیر کے ضلع بارہ مولہ کے علاقے اوڑی میں مزاحمت کاروں نے اچانک فوجی کیمپ پر حملہ کردیا جس کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 8 فوجی مارے گئے جبکہ مزاحمت کاروں کی کارروائی میں 3 پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوگئے۔
فوجی حکام نے مزاحمت کاروں کے تازہ حملے میں اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزاحمت کار آرمی کیمپ کے باہر کھڑے 4 اہلکاروں کو ہلاک کرتے ہوئے کیمپ میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کردی جب کہ فائرنگ سے لیفٹیننٹ کرنل سنکپ کمار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ قابض بھارتی فوج کے مطابق جوابی کارروائی میں 6 مزاحمت کار بھی سیکورٹی فورسز کی گولیوں کا نشانہ بنے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں 25 نومبر سے شروع ہونے والے نام نہاد انتخابات کے لئے بھارت کی جانب سے وادی میں ہزاروں فوجی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جب کہ 27 نومبر کو بھی قابض بھارتی فوج کے کیمپ پر حملے کے نتیجے میں 3 اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔