مستحکم افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے وزیراعظم نوازشریف

وزیراعظم نوازشریف نے برطانوی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں افغان صدر اور چیف ایگزیکٹو بھی شریک تھے


ویب ڈیسک December 05, 2014
برطانوی وزیراعظم نے نواز شریف کا استقبال کیا جبکہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، فوٹو:رائٹرز

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ مستحکم، خوشحال اور جمہوری افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔


وزیراعظم نوازشریف اپنے برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات کے لیے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ پہنچے جہاں برطانوی وزیراعظم نے نوازشریف کا خیرمقدم کیا، وزیراعظم نوازشریف کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات ہوئی جس میں افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سمیت تینوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔


وزیراعظم نوازشریف اور ڈیوڈ کیمرون کی ملاقات میں دو طرفہ تعقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ مستحکم، خوشحال اور جمہوری افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے اور ہم افغان حکومت کے ساتھ باہمی طور پر معاون تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران پاکستان کے سماجی شعبے کی ترقی بالخصوص صحت، تعلیم کے شعبے میں برطانوی معاونت کو سراہا اور برطانوی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری بھی کی دعوت دی۔


واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف ان دنوں برطانیہ میں افغانستان سے متعلق منعقدہ کانفرنس میں شرکت کے لئے لندن میں موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں