پاکستان اسٹیل کے لیے مزید ڈیڑھ ارب روپے کی منظوری

رقم ملنے کے بعد ملازمین کو ستمبر کی تنخواہ آئندہ ہفتے جاری کردی جائے گی

48 کروڑ تنخواہوں، باقی رقم خام مال اور یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی پرخرچ ہوگی، ذرائع فوٹو: فائل

وفاقی وزارت خزانہ نے پاکستان اسٹیل کے لیے مزید ڈیڑھ ارب روپے کی منظوری دے دی ہے۔

پاکستان اسٹیل کے ذرائع کے مطابق اس رقم کے موصول ہونے کے بعد ملازمین کو ستمبر کے مہینے کی تنخواہ کی پے سلپ آئندہ ہفتے جاری کردی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ملازمین کی ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے مہینوں کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئی تھیں تاہم وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے ڈیڑھ ارب روپے کی منظوری کے بعد ستمبر کی تنخواہیں آئندہ ہفتے جاری کردی جائیں گی جس کے بعد اکتوبر کے مہینے کی تنخواہ بھی دسمبر کے مہینے میں ہی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔


ذرائع نے بتایا کہ حالیہ 1.5 ارب روپے میں سے 48 کروڑ روپے ایک ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی پر خرچ ہوںگے جبکہ باقی رقم خام مال اور یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی پر خرچ کی جائے گی۔ یاد رہے کہ موجودہ حکومت پاکستان اسٹیل کیلیے منظور شدہ 18.5 ارب روپے کے بیل آئوٹ میں سے 13.5 ارب روپے پہلے ہی جاری کرچکی ہے، حالیہ ادائیگی کے بعد مجموعی ادائیگیاں 15 ارب روپے تک پہنچ جائیں گی جس کے بعد جنوری تک باقی رقم ملنے کی امید ہے۔

وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے رقم کی منظوری کے بعد ملازمین میں پائی جانے والی مایوسی کم ہوگئی ہے، انتظامیہ نے پاکستان اسٹیل کے ملازمین پر زور دیا ہے کہ انتھک محنت اور لگن سے پیداواری اہداف حاصل کرنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں تاکہ پاکستان اسٹیل کو منافع بخش بنانے کا عزم پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔
Load Next Story