شادی کے بعد بھی اداکاری کرتی رہوں گی کرینہ کپور

سیف اور کرینا کی دوستی مستقل ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بنی رہی ہے


Amir Shakur October 02, 2012
سیف سے شادی کے بعد کرینا بھی بولی وڈ کی ان اداکاراؤں میں شامل ہوجائے گی جنھوں نے جیون ساتھی کے طور پر شادی شدہ مرد کا انتخاب کیا۔ فوٹو: فائل

KABUL: بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والی یہ حسینہ اپنی زندگی کی دوسری اننگز شروع کرنے جارہی ہے۔

نواب زادے کے ساتھ کئی برس کی دوستی کے بعد بالآخر وہ کرینا کپور سے کرینا خان بننے والی ہے۔ سیف سے کرینا کی دوستی کا آغاز 2007ء میں ہوا تھا۔ دوستی گہری ہوئی اور پھر محبت میں بدل گئی۔ سیف اور کرینا کی دوستی مستقل ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بنی رہی ہے اور ان کی شادی کے بارے میں پیش گوئیاں بھی کی جاتی رہی ہیں لیکن جولائی سے پہلے سیف ، کرینا اور ان کے خاندان کی جانب سے اس بارے میں کچھ نہیں بتایاگیا تھا۔

تاہم اب یہ بات طے پاچکی ہے وہ جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔ ان کی تقریب ولیمہ کا دعوت نامہ بھی منظر عام پر آچکا ہے تاہم ابھی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ قوی امکان ہے کہ رواں ماہ ہی سپراسٹار، پٹودی کے نواب خاندان کا حصہ بن جائے گی۔

سیف سے شادی کے بعد کرینا بھی بولی وڈ کی ان اداکاراؤں میں شامل ہوجائے گی جنھوں نے جیون ساتھی کے طور پر شادی شدہ مرد کا انتخاب کیا۔ سیف کی پہلی شادی ماضی کی مقبول اداکارہ امرتا سنگھ سے 1991ء میں ہوئی تھی۔ اس وقت سیف 21 برس کا تھا جب کہ امرتا کی عمر 33 سال تھی۔ سیف اور امرتا کی شادی 2004ء میں طلاق پر منتج ہوئی۔ امرتا سے سیف کے دو بچے، سارہ علی خان اور ابراہیم علی خان ہیں۔ ہندی فلم انڈسٹری میں، شادی کے بعد اداکاراؤں کا مستقل عام طور پر تاریک ہوجاتا ہے لیکن کرینا پُرامید ہے کہ اُس کے ساتھ ایسا نہیں ہوگا اور اس کا کیریر اسی انداز سے آگے بڑھتا رہے گا۔ قارئین کی دل چسپی کے لیے سپراسٹار کا تازہ انٹرویو پیش کیا جارہا ہے جس میں اُس سے سیف سے شادی اور پیشہ ورانہ موضوعات پر گفتگو کی گئی ہے۔

٭ '' ہیروئن'' میں آپ کی پرفارمینس کو سراہا جارہا ہے۔ سیف نے آپ کی اداکاری پر کیا کہا؟
سیف ہندی فلمیں زیادہ نہیں دیکھتا۔'' جب وی میٹ''( 2007ء) میری آخری فلم ہے جو سیف نے دیکھی تھی۔ اور آخری ہندی فلم جو سیف نے دیکھی ہے وہ '' دبنگ '' ( 2010ء) ہے۔
٭ فلم انڈسٹری شادی شدہ اداکاراؤں سے آنکھیں پھیر لیتی ہے۔ کیا آپ بھی بولی وڈ کی ' توتا چشمی' کے لیے تیار ہیں؟
میں آج تک فلم سازوں کے اس عمل کو نہیں سمجھ سکی کہ اداکاراؤں کی شادی کے موقع پر وہ بے پناہ مسرت کا اظہار کرتے ہیں لیکن پھر انھی کو فلموں میں سائن کرنے سے کترانے لگتے ہیں، مگر مجھے امید ہے کہ میرے ساتھ ایسا نہیں ہوگا۔ میری ہونے والی ساس ( شرمیلا ٹیگور) کی مثال بھی سب کے سامنے ہے۔

اُن کی بہترین فلمیں شادی کے بعد ہی سامنے آئیں۔ میں بھی انھی کی طرح شادی کے بعد اداکاری کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتی ہوں۔ اس سلسلے میں مجھے اُن کی اور سیف کی حمایت حاصل ہے۔ دوسری بات یہ کہ میں اور سیف پچھلے پانچ سال سے ایک ساتھ رہ رہے ہیں۔ ساری دنیا یہ بات جانتی ہے، تو میرے خیال میں شادی ہوجانے کے بعد بھی میری پیشہ ورانہ زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آنی چاہیے کیوں کہ فلم انڈسٹری اور فلم بیں سیف اور مجھے ایک جوڑے کے طور پر قبول کرچکے ہیں۔

٭سیف کے بچوں سے آپ کے کیسے تعلقات ہیں؟
بہت ہی اچھے، میں ان سے بے حد پیار کرتی ہوں اور وہ بھی مجھ سے اتنی ہی محبت کرتے اور مجھے عزت دیتے ہیں۔ دونوں بچے خوب صورت ہیں، بالخصوص سارہ تو بہت ہی پیاری لگتی ہے۔
٭ مدھر بھنڈارکر نے 2005ء میں آپ کو '' پیج تھری'' اور پھر 2008ء میں '' فیشن'' میں ہیروئن کا رول کرنے کی پیش کش کی تھی جسے آپ نے رد کردیا تھا۔ '' ہیروئن'' کی آفر قبول کرنے کی وجہ کیا تھی؟

جب انھوں نے مجھے '' پیج تھری'' اور '' فیشن'' کی پیش کش کی تھی تو اتفاق سے دونوں ہی بار میں بہت مصروف تھی۔ پھر یہ کہ ان دنوں میری توجہ ہلکے پھلکے رول کرنے پر تھی لیکن جب انھوں نے مجھے '' ہیروئن'' کی ہیروئن بنانے کی خواہش ظاہر کی تو میرے پاس وقت بھی تھا اور میں ایک ہی جیسے کرداروں سے بھی تنگ آچکی تھی۔ آپ نے دیکھ ہی لیا ہوگا کہ''ہیروئن'' میں میرا رول بہت مختلف اور بولڈ ہے۔ ماہی کے رول میں دراصل میں اپنی صلاحیتوں کو بھی آزمانا چاہتی تھی۔ میں نے اس کردار پر سخت محنت کی تھی۔ خوشی ہے کہ میری محنت رائیگاں نہیں گئی۔ ماہی اور مجھ میں ایک قدر مشترک ہے اور وہ یہ کہ میں بھی اس کی طرح جذباتی ہوں۔

٭ماہی جن حالات سے گزری کیا کبھی آپ کو بھی ان حالات کا سامنا کرنا پڑا ہے؟
جی نہیں، اور نہ ہی ایسا ہوسکتا ہے کیوں کہ میں کوئی زوال پذیر سپراسٹار نہیں ہوں! میرا ایک نام ہے اور پرستار مجھے سنیما اسکرین پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہ دوسری بات ہے کہ میں کام یابی اور ناکامی کو سنجیدگی سے نہیں لیتی۔ بس ایک ہی دُھن مجھ پر سوار رہتی ہے کہ مجھے آگے، اور آگے بڑھنا ہے۔

٭ آپ کے کزن رنبیر کپور نے کہا ہے کہ وہ منہ میں سونے کا چمچہ لے کر پیدا ہوا ہے۔ کیا آپ بھی یہی بات کہہ سکتی ہیں؟
جی نہیں، میری ممی (ببیتا ) اور بہن( کرشمہ ) نے مجھے زندگی کی بہتر سہولیات مہیا کرنے کے لیے بہت محنت کی۔ خاص طور پر ممی نے بہت مشکلات اٹھائیں کیوں کہ وہ ہمیں لے کر پاپا سے علیحدہ ہوگئی تھیں۔ ہمارا بچپن عام بچوں ہی کی طرح گزرا۔ لولو ( کرشمہ ) لوکل ٹرین میں کالج جاتی تھی۔ ہمارے پاس ایک کار ضرور تھی لیکن آمدنی اتنی نہیں تھی کہ ہم ڈرائیور رکھ سکتے۔ ان حالات میں بچپن اور لڑکپن گزارنے کے بعد جوانی کی حدود میں قدم رکھنے تک میں بہت پُراعتماد ہوچکی تھی۔ مجھ میں ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ ہوگیا تھا۔ اس دور کے تجربات سے میں نے بہت کچھ سیکھا جو آج بھی میرے کام آرہا ہے۔

٭ مثلاً؟
مثلاً یہ کہ میں اپنے کسی سین کی ریہرسل نہیں کرتی۔ اگر وہ سین جذباتی ہو تو میرے لیے اور بھی آسانی ہوجاتی ہے کیوں کہ برسوں تک حالات کا مقابلہ کرنے کی وجہ سے میرے پاس جذبات کا خاصا ذخیرہ ہوگیا ہے ( مسکراہٹ )۔

٭ سیف کی وجہ سے آپ کی زندگی میں کیا تبدیلیاں آئی ہیں؟
بے شمار تبدیلیاں آئی ہیں۔ سب سے بڑی تبدیلی تو یہ ہے کہ سیف نے مجھے احساس دلایا فلمی دنیا سے پرے بھی زندگی ہے۔ اس نے مجھے زندگی کے حقیقی معنوں سے روشناس کروایا۔ ہم فارغ وقت میں مختلف ممالک کی سیر کرنے نکل جاتے ہیں۔ اس دوران ہم اسکی انگ کرتے ہیں، مچھلیاں پکڑتے ہیں، کشتی رانی کرتے ہیں۔ سیف کی وجہ سے مجھے آرٹ اور مصوری میں بھی دل چسپی پیدا ہوگئی ہے۔ اس لیے ہم تصویری نمائشوں اور عجائب گھروں میں بھی جاتے ہیں۔ مجھے کتب بینی کی عادت بھی ہوتی جارہی ہے۔ غرض یہ کہ اس نے مجھے جینے کا ڈھنگ سکھایا ہے۔

٭ کیا شادی کے بعد کرداروں کے انتخاب کے سلسلے میں آپ کی ترجیحات بدل جائیں گی؟
بالکل نہیں! میں وہی کرینا رہوں گی اور اسی طرح کرداروں کا انتخاب کروں گی۔ میں ہلکے پھلکے کرداروں کے ساتھ ساتھ ایسے کردار بھی کرنا چاہتی ہوں جو میری صلاحیتوں کو چیلینج کریں۔ '' ہیروئن'' میں رول کرنے کے پس پردہ میری یہی خواہش تھی۔ اداکار لالچی ہوتا ہے، وہ کبھی مطمئن نہیں ہوسکتا، اس لیے میں '' ہیروئن'' جیسے تجربے کرتی رہوں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں