لیاری میں رینجرز نے بابا لاڈلا گروپ کے 2 کارندوں کو ہلاک کردیا

گینگ وار کے کارندے کنٹینر سے سامان چوری، ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں ملوث تھے، پولیس


Staff Reporter December 06, 2014
ملزمان کے ورثا کا ماڑی پور روڈ پر پولیس اور رینجرز کے خلاف احتجاج۔ فوٹو: فائل

VANCOUVER, BC, CANADA: رینجرز نے لیاری میں مقابلے کے دوران گینگ وار بابا لاڈلا گروپ کے 2کارندوں کو ہلاک کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ کے علاقے لیاری جمیلہ اسٹریٹ جمن شاہ پلاٹ کے قریب رینجرز نے جمعرات اور جمعہ کی شب تقریباً ایک بج کر50 منٹ پر مقابلے کے دوران 2 ملزمان کو ہلاک کردیا ،واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او کلاکوٹ صفدر مشوانی پولیس پارٹی کے ہمراہ موقع پہنچ گئے اور ہلاک ہونے والے ملزمان کی لاشیں تحویل میں لے کر ان کے قبضے سے 2 پستول اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے،ہلاک ہونے والے ملزمان کی لاشیں سول اسپتال پہنچائی گئیں،جہاں ان کی شناخت 27 سالہ وسیم کچھی عرف مندرا ولد عثمان کچھی اور 26 سالہ حنیف مملہ عرف پریل ولد یوسف کچھی کے نام سے کرلی گئیں۔

پولیس کے مطابق جمعرات کو لیاری میں عذیر بلوچ ، بابا لاڈلا ، کے آر سی کے کارندوں میں علاقوں میں قبضے کے لیے تصادم ہوا تھا اس دوران بابا لاڈلا گروپ نے افشانی گلی میں قبضے کے لیے دستی بم سے حملہ کیا تھا جبکہ تینوں گروپوں کی جانب سے لیاری میں شدید فائرنگ کی گئی جس کے بعد رینجرز اور پولیس نے افشانی گلی سمیت مختلف علاقوں کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی شروع کی تھی اسی دوران5 ملزمان ریکسر لائن سے نکل کر فرار ہو رہے تھے کہ جمن شاہ پلاٹ کے قریب مقابلے میں2 مارے گئے جبکہ3 ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

ہلاک ہونے والے ملزمان مچھر کالونی مندرا محلہ کے رہائشی اور نور محمد عرف بابا لاڈلا گروپ کے کارندے تھے ، ملزمان کنٹینر سے سامان چوری، ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں ملوث تھے ، واقعے کی اطلاع ملنے پر ملزمان کے ورثا بھی سول اسپتال پہنچ گئے اور پولیس و رینجرز کیخلاف احتجاج شروع کر دیا۔

ورثا کا کہنا تھا کہ وسیم اور حنیف کو رینجرز نے 12 روز قبل مچھر کالونی سے پکڑا تھا، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ، ملزمان کے ورثا نے جمعہ کی نمازکے بعد ماڑی پور روڈ پر بھی پولیس اور رینجرز کے خلاف احتجاج کیا ، مظاہرین نے ماڑی پور روڈ پر ٹریفک معطل کرا دیا ، جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا،تاہم رینجرز اور پولیس کے آنے پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔