بولی وڈ بولے گا شستہ اردو۔۔۔

منفرد سوفٹ ویئر کی بدولت فن کاروں کے لیے درست تلفظ کی ادائیگی ممکن ہوگی


Mim Ain October 01, 2012
قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان ایک سوفٹ ویئر تیار کررہی ہے جس سے اردو الفاظ درست تلفظ کے ساتھ ادا کرنے میں مدد ملے گی۔ فوٹو : فائل

لاہور: اُردوزبان اور ہندی فلموں کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔

بولی وڈ میں بنائی جانے والی فلمیں اگرچہ ہندی فلمیں کہلاتی ہیں لیکن اردو کے الفاظ ان میں کثرت سے استعمال کیے جاتے ہیں۔ انگریزی کا استعمال بڑھ جانے سے، اگرچہ ماضی کے مقابلے میں ہندی فلموں میں اردو کا استعمال قدرے کم ہوگیا ہے اس کے باوجود اردو کے بغیر ہندی فلموں کی تکمیل ممکن نہیں۔ ممبئی میں، فلم انڈسٹری کے جنم ہی سے اردو زبان اور ہندی فلموں کا ساتھ چلا آرہا ہے۔ اُس زمانے میں مکالمات کے علاوہ گیتوں میں بھی خالص اردو کے الفاظ کا استعمال عام تھا۔ بالخصوص ہندی فلموں کے گیت اردو کے بغیر نامکمل تھے۔

درحقیقت اگر اردو کے الفاظ استعمال نہ کیے جاتے تو ہندی فلمی تاریخ کے بیشتر شاہ کار گیت وجود میں نہیں آسکتے تھے۔ اُس دور میں ہندی فلمی دنیا کے موسیقار اردو زبان اور اردو شاعری کا گہرا شعور رکھتے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ لتا منگیشکر جیسی گلوکاراؤں کی زبان سے بھی اردو کے الفاظ درست تلفظ کے ساتھ ادا ہوتے تھے جن کی مادری زبان اردو نہیں تھی۔ وقت کے ساتھ ساتھ اگرچہ ہندی فلموں میں انگریزی زبان کا استعمال بڑھا ہے لیکن اردو کی اہمیت اسی طرح برقرار ہے۔ تاہم اتنا فرق ضرور پڑا ہے کہ اب اداکار اردو کے الفاظ غلط تلفظ کے ساتھ ادا کرنے لگے ہیں۔

ہندوستان میں اردو کی ترویج و ترقی کے لیے قائم''قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان '' ( این سی پی یو ایل) نے ہندی فلموں میں اردو الفاظ کی درست تلفظ کے ساتھ ادائیگی میں بولی وڈ کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان ایک سوفٹ ویئر تیار کررہی ہے جس سے اردو الفاظ درست تلفظ کے ساتھ ادا کرنے میں مدد ملے گی۔ کونسل کے مطابق یہ سوفٹ ویئر نومبر میں فلم انڈسٹری کو بلامعاوضہ فراہم کردیا جائے گا۔

کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خواجہ اکرام الدین کے مطابق اس سوفٹ ویئر کی تیاری آخری مراحل میں ہے۔ اس سلسلے میں ان کا کہنا تھا،''یہ ہماری طرف سے انڈین فلم انڈسٹری کے لیے تحفہ ہوگا۔ بھارتی فلموں میں نمایاں تعداد میں اردو مکالمے شامل ہوتے ہیں۔ تاہم دیکھا گیا ہے کہ بعض اوقات اردو الفاظ غلط تلفظ کے ساتھ ادا کیے جاتے ہیں۔ اسی امر کے پیش نظر ہم نے یہ سوفٹ ویئر تیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو اردو الفاظ کا درست تلفظ بتائے گا۔''

پچھلے چند برسوں کے دوران بولی وڈ میں بے شمار نئے چہروں کی آمد ہوئی ہے۔ ان میں کترینا کیف، نرگس فخری، ہیزل کیچ اور ایمی جیکسن جیسی کئی غیرملکی اداکارائیں بھی شامل ہیں۔ نووارد اداکار اردو زبان سے ناواقف ہوتے ہیں۔ بالخصوص غیرملکی اداکارائیں اردو الفاظ درست طور پر ادا نہیں کرپاتیں اور اردو سیکھنے کے لیے انھیں عام طور پر کسی ماہر کی خدمات حاصل کرنی پڑتی ہیں۔ اس سوفٹ ویئر کے بعد انھیں کسی کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ یہ سوفٹ ویئر کونسل کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کردیا جائے گا، جہاں سے اسے بلامعاوضہ ڈاؤن لوڈ کیا جاسکے گا۔ اس طرح اداکاروں کے ساتھ ساتھ اس سوفٹ ویئر سے عام لوگ بھی مستفید ہوسکیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں