ناظم آباد میں خواتین کو زیورات ڈبل کرنے کا جھانسہ دیکر لوٹنے والی ماں بیٹی گرفتار

دونوں نے گھرمیں داخل ہوکر دم درود کے ذریعے زیورات ورقوم کو ڈبل کرنے کا جھانسہ دیکرسامان نکلوایا اور ساتھیوں کو بلوالیا


Staff Reporter December 07, 2014
گھر کے مالک نے انجان افرادکوگھر کاسامان لے جاتے دیکھ کرشور مچادیا،مکینوں نے جعلسازماں اور بیٹی کو پکڑ لیا،ساتھی فرار ہوگئے فوٹو: فائل

KARACHI: خواتین کو طلائی زیورات ڈبل کرنے کا جھانسہ دے کر لوٹ مار کرنے والی جعلساز ماں اور بیٹی کو علاقہ مکینوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا، 2 ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق رضویہ کے علاقے ناظم آباد نمبر ایک سراج کالونی مسلم لیگ کوارٹر کے رہائشی ندیم خان کے گھر کے دروازے پر خواتین رشیدہ زوجہ بشیر احمد اور اس کی بیٹی صغرا بی بی نے دستک دی اور دروازہ کھلنے کے بعد گھر کی خواتین کو بتایا کہ یہ دم درود کے ذریعے طلائی زیورات اور رقوم کو ڈبل کرتی ہیں۔

لالچ میں آکر سادہ لوح گھریلو خواتین نے طلائی زیورات نکال کر ان کے سامنے رکھ دیے ، جعلساز خواتین نے موبائل فون کے ذریعے اپنے مزید دو ساتھیوں کو بھی گھر میں بلوا لیا، ماں بیٹی اور دو نامعلوم ملزمان نے اسلحہ کے زور پر خواتین کو ایک کمرے میں بند کر دیا اور لوٹ مار کر کے گھر سے نکل ہی رہے تھے کہ ندیم خان اچانک گھر پہنچ گیا اس نے انجان افراد کو گھر سے نکلتے ہوئے دیکھ کر شور شرابہ شروع کردیا جس پر علاقہ مکین جمع ہو گئے اور جعلساز ماں اور بیٹی کو پکڑ لیا جبکہ ان کے ساتھی رکشے میں فرار ہوگئے۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر پکڑی جانے والی ملزمہ ماں بیٹی کو حراست میں لے لیا ، رضویہ تھانے کے ڈیوٹی افسر افضل نے بتایا کہ جعلساز ماں اور بیٹی کے دو ساتھی ندیم خان کے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے، پولیس نے ندیم خان کی مدعیت میں مقدمہ نمبر317/14 زیر دفعہ 392، 420/34 درج کرکے ماں اور بیٹی کو باقاعدہ گرفتار کر لیا جبکہ ان کے ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں