داعش سربراہ کے نمائندے کے پاکستان پہنچنے کا انکشاف

2غیرملکی بھی زبیر الکویتی کے ہمراہ ہیں جب کہ جنداللہ مدد فراہم کر رہی ہے، انٹیلی جنس رپورٹ


Saleh Mughal December 08, 2014
داعش سے تعلق رکھنے والے مذکورہ عناصر لاہور، ملتان اور رحیم یار خان کے درمیان کسی جگہ پر مصروف ہیں۔ فوٹو: فائل

انٹیلی جنس اداروں نے داعش کے امیر کے نمائندے سمیت 2 دیگر غیر ملکیوں کی پاکستان میں موجودگی اور کالعدم تنظیموں کو ساتھ ملاکر سرگرمیاں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق سیکیورٹی سے متعلق اداروں، پنجاب حکومت اور سینئر پولیس حکام کو آگاہ کیا گیا ہے کہ داعش کے امیر ابوبکر البغدادی نے مڈل ایسٹ سے تعلق رکھنے والے زبیرالکویتی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ پاکستان میں کالعدم تنظیموں اور ان سے وابستہ عناصر کو ساتھ ملائے اور انھیں ہرطرح کی مالی اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جائے۔

رپورٹ کے مطابق ایسی اطلاعات ہیں کہ داعش کے امیر کی جانب سے ذمے داریاں ملنے کے بعد زبیرالکویتی 2 مزید غیر ملکیوں کیساتھ پاکستان پہنچ چکا ہے اور انہیں جنداللہ سے وابستہ عناصر سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ داعش سے تعلق رکھنے والے مذکورہ عناصر لاہور، ملتان اور رحیم یار خان کے درمیان کسی جگہ پر مصروف ہیں اور اپنی مصروفیات ختم ہونے کے بعد کراچی روانہ ہوجائیں گے۔

جنداللہ سمیت پنجابی دہشت گرد گروپوں سے وابستہ عناصر نے ابوبکر البغدادی کے پیغام کو پھیلانے کیلیے پمفلٹ اور کتابچہ چھپوایا ہے اور یہی عناصر ملک کے مختلف حصوں میں وال چاکنگ میں مصروف ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاہور سے ملنے والی کتاب انہی سرگرمیوں کا حصہ ہوسکتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہروں اور صوبوں کو ملانے والے داخلی وخارجی راستوں سمیت کالعدم تنظیموں کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ داعش کی کسی بھی سرگرمی کو روکا جاسکے۔ ان اطلاعات کی روشنی میں راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کے پولیس حکام سے کہا گیا ہے کہ داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔ ایڈیشنل آئی جی راولپنڈی اخترعمرحیات لالیکا نے بھی سی پی او راولپنڈی کو ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔''ایکسپریس'' نے اختر عمر حیات لالیکا کا موقف جاننے کیلیے ان سے رابطہ کیا تاہم فون اٹینڈ نہ ہوسکا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں