فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں کا رانا ثنااللہ کے ڈیرے پر دھاوا 3 پولیس اہلکار زخمی

تحریک انصاف کےکارکنوں کی رانا ثنااللہ کےڈیرےمیں گھسنےکی کوشش کےدوران پولیس نے انہیں منشترکرنےکیلئےآنسو گیس کی شیلنگ کی

رانا ثنااللہ کے ڈیرے پر 500 اہلکاروں کو تعینات کرکے اطراف میں خاردار تاریں لگا دی گئی ہیں، فوٹو: آئی این پی

تحریک انصاف کے کارکنوں نے سابق وزیر قانون رانا ثنااللہ کے ڈیرے پر دھاوا بول دیا جسے روکنے کی پولیس نے کوشش تو اس دوران تصادم کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے''پلان سی'' کے تحت فیصل آباد میں کئے جانے والے احتجاج کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد شہر کی سڑکوں پر نکل آئی جہاں انہیں مسلم لیگ(ن) کے متوالوں اور پولیس کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاج کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کئے، اس دوران مشتعل افراد نے سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کے ڈیرے پر دھاوا بول کر اندر گھسنے کی کوشش کی تاہم اس دوران پولیس نے انہیں روکنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی جس پر مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر شدید پتھراؤ کیا اور (ن) کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔


مشتعل افراد کے پتھراؤ کی زد میں آکر 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ رانا ثنااللہ کے ڈیرے پر 500 اہلکاروں کو تعینات کرکے اطراف میں خاردار تاریں لگا دی گئی ہیں۔

واضح ہے کہ فیصل آباد میں گزشتہ صبح سے ہی حالات کشیدہ ہیں جہاں شہر کے کئی مقامات پر تحریک انصاف اور (ن) لیگ کے کارکنان میں تصادم ہوا جس میں فائرنگ کے نتیجے میں تحریک انصاف کا ایک کارکن جاں بحق ہوگیا جب کہ شہر میں امن وامان کی خراب صورتحال کے پیش نظر کئی مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
Load Next Story