مقبوضہ کشمیر میں قابض فوجیوں پر حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا بھارتی الزام بے بنیاد ہےدفترخارجہ

مقبوضہ کشمیر میں تشدد کئی دہائیوں سے جاری بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں اور ڈھونگ انتخابات کا نتیجہ ہے، تسنیم اسلم

مقبوضہ کشمیر کے عوام حق خودارادیت کے سوا کوئی دوسری چیز تسلیم کرنے کو تیار نہیں،ترجمان دفترخارجہ، فوٹو:فائل

SEOUL:
ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں پر حملے میں پاکستان کو ملوث کرنے کے بھارتی الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے مقبوضہ کشمیر میں حالیہ حملوں پر پاکستان کو ملوث کرنے کے بھارتی الزامات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سےزیادہ نقصان پاکستان کا ہوا اور ہم اسس جنگ میں صف اول کا اتحادی ہیں تاہم بھارت کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد اور پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔


ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں تشدد کئی دہائیوں سے جاری بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں اور ڈھونگ انتخابات کا نتیجہ ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے تحت اپنی ذمہ داریاں انتہائی ذمہ داری سے ادا کررہا ہے لیکن بھارت نےمقبوضہ کشمیر کے بارے میں عالمی ادارے کی قراردادوں پر عمل نہیں کیا۔ ترجمان نے بھارت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس حقیقت کو سمجھے کہ مقبوضہ وادی کےعوام حق خوداریت کے سوا کوئی چیز تسلیم کرنے کو تیار نہیں جب کہ اقوام متحدہ نے بھی کشمیری عوام سے اس کا وعدہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کیمپ پر حملے کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں 11 فوجی، 3 پولیس اہلکار اور 6 شہری شامل تھے جب کہ بھارت کی جانب سے حملے میں ملوث مزاحمت کاروں کے پاکستان سے آنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
Load Next Story