آئی او سی نے اولمپکس میں اصلاحات کی منظوری دیدی

نئی اصلاحات کے تحت اب اولمپکس کی میزبانی 2 شہر یا ممالک مشترکہ طور پر بھی کرسکیں گے۔


Sports Desk/AFP December 09, 2014
سمر اولمپکس کےلئے ایتھلیٹس کی زیادہ سے زیادہ تعداد 10 ہزار 500 اور ونٹر اولمپکس کے لئے 2 ہزار 900 رکھی گئی ہے فوٹو: فائل

آئی او سی نے اولمپکس میں اصلاحات کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت اب اولمپکس کی میزبانی 2 شہر یا ممالک مشترکہ طور پر بھی کرسکیں گے۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے دنیا کے سب سے بڑے اسپورٹس ایونٹ میں وسیع پیمانے پر تبدیلیوں کی اجازت دے دی ہے، جن میں اولمپک گیمز کی میزبانی 2 شہروں یا ملکوں کو سونپنے کے ساتھ نئے کھیلوں کے اضافے کی منظوری بھی شامل ہے۔ یہ اقدامات آئی او سی کے سربراہ تھامس باخ کی اس مہم کا حصہ ہیں جس میں سمر اور ونٹر اولمپکس کو کم لاگت اور لوگوں کے لئے زیادہ پُرکشش بنانا ہے، ان کی جانب سے ایجنڈہ 2020 کے نام سے 40 اصلاحات پیش کی گئیں جن پر پیر اور منگل کو موناکو میں 104 ارکان کی آئی او سی کے خصوصی اجلاس میں ووٹنگ ہونی ہے۔

ابتدائی اصلاحات اتفاق رائے سے منظور کی گئیں جنھیں باخ نے اولمپک گیمز کے اہتمام کے لئے ایک اہم قدم گردانا، ووٹنگ سے مستقبل کے گیمز کو 2 شہروں یا ممالک میں منعقد کرنے کی اجازت دی گئی ہے، بڈنگ میں پریزینٹیشنز کی تعداد کم ہونے کے ساتھ آئی او سی لاگت کے زیادہ حصے کی ادائیگی کرے گی۔ گیمز کو مزید پُرکشش بنانے کی نئی بڈ میں میزبان شہروں کو ایک اضافی اسپورٹ چننے کی اجازت ہوگی جس کی منظوری آئی او سی دے گی، البتہ سمر اولمپکس کےلئے ایتھلیٹس کی زیادہ سے زیادہ تعداد 10 ہزار 500 اور ونٹر اولمپکس کے لئے 2 ہزار 900 رکھی گئی ہے، اس کی وجہ سے اگر نئے کھیل کا اضافہ کیا گیا تو دیگر میڈل ایونٹس کی تعداد کم کرنا ہوگی۔

ٹوکیو 2020 گیمز کے آرگنائزرز اس تبدیلی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، وہ بیس بال اور سوفٹ بال کو شمال کرنے کے لئے زور دے رہے ہیں۔ 2012 لندن اولمپکس میں 26 کھیل شامل تھے،اسپورٹس ورکنگ گروپ کے سربراہ فرینکو کرارو کا کہنا ہے کہ مستقبل کے گیمز میں 30 کھیل ہوسکتے ہیں، اجلاس کے آفیشل افتتاح کے موقع پر باخ نے کہاکہ اگر ہم یہاں ان تبدیلیوں کا جائزہ نہیں لے سکے تو جلد ہی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں