FAISALABAD:
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنربااعتماد انسان ہیں جب کہ چاروں صوبائی ارکان متنازع ہیں اس لئے الیکشن کمیشن میں آپریشن کلین اپ کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد میں نئے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملک میں شفاف انتخابات کا بیٹرا تحریک انصاف نے اٹھا رکھا ہے، الیکشن کمیشن کی ساکھ بحال کرنا سردار محمد رضا کے لئے چیلنج ہوگا تاہم پی ٹی آئی ان سے بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ الیکشن کمیشن کو صاف کرنے کی ضرورت ہے اگر یہ نہ کیا گیا تو آئندہ بھی غلطیاں سامنے آتی رہیں گی، بدقسمتی سے چیف الیکشن کمشنر کی ذات کے علاوہ دیگر چار ممبران ہماری نظر میں متنازع ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بیلٹ پیپرزچھاپنا الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمے داری ہے لیکن اب وہ متنازع ہوچکی کیوں کہ الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز چھاپنے کے حوالے سے 4 بار اپنا موقف تبدیل کیا اور پہلے کہا گیا کہ بیلٹ پیپرز چھاپے ہی نہیں اور پھر 8 لاکھ اور پھر ایک کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپنے کا اعتراف کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے چیف الیکشن کمشنر کے آنے سے حوصلہ ہوا لیکن حالیہ انتخابات میں غلطیوں کے مرتکب افراد کو ہٹائے جانے کے بغیر شفاف انتخابات ممکن نہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نئے چیف الیکشن کمشنر کے سامنے چند تجاویز رکھی ہیں کہ ہمیں پولنگ اسکیم پر تشویش ہے اس لئے بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے شفاف انتخابات کرائے جائیں جب کہ سردار محمد رضا کے سامنے بیلٹ پیپرز کے معاملے کو بھی اٹھایا ہے۔