نوازشریف خود عمران خان کو لیڈر بنانا چاہتے ہیں خورشید شاہ

حکومت خودغلطیاں کرتی ہے اور پھر کہتی ہے کہ اس کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ ہے، قائد حزب اختلاف


ویب ڈیسک December 09, 2014
عمران خان اورحکومت کو احساس ہونا چاہیے کہ اس لڑائی سے نقصان ریاست کا ہوگا، خورشید شاہ فوٹو: فائل

KARACHI: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں وزیراعظم کو ان کی اپنی ٹیم نے نقصان پہنچایا ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف خود ہی عمران خان کو لیڈر بنانا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی بھی طرح سے حکومت کی حمایتی نہیں، ہم ریاست کی حمایت کر رہے ہیں، اگراس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے بجائے عمران خان کی حکومت بھی ہوتی اور یہی حالات ہوتے تو پیپلز پارٹی ان کی حمایت کرتی۔ جب سیاسی کارکن کا کارکن سے سڑکوں پر مقابلہ ہو تو ملک میں خانہ جنگی شروع ہوجاتی ہے۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ ہر دور میں ایسے لوگ ہوتے ہیں جو حکومت کو چلنے نہیں دیتے۔ پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور حکومت میں میمو اسکینڈل منظر عام پر آیا تھا تو نواز شریف خود ہی اسے سپریم کورٹ میں لے گئے تھے۔ عمران خان اورحکومت کو احساس ہونا چاہیے کہ اس لڑائی سے نقصان ریاست کا ہوگا۔ عمران خان کے پیچھے کوئی ہو یا نہ ہو لیکن انہیں بالغ النظری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ فیصل آباد میں گزشتہ روز پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے، فیصل آباد میں وزیر اعظم نوازشریف کو ان کی اپنی ٹیم نے نقصان پہنچایا، اس صورت حال میں حکومت کو صبر کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے تھا۔ ایسا لگتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) عمران خان کو لیڈر بنانا چاہتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔