پولیس نے بینک ڈکیتیوں میں ملوث گروہ گرفتار کرلیا فاروق اعوان

گرفتارملزم راشدعرف کشمیری گروہ کاسرغنہ ہےاور2013میں بینک ڈکیتیوں پر3ساتھیوں سمیت جیل جاچکا ہے،فاروق اعوان


Staff Reporter December 10, 2014
تیموریہ اورگلبہار کے علاقوں میں 2 بینک ڈکیتیوں میں پکڑے نہ جانیوالے ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سوات گروپ سے ہے جن کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے، ایس ایس پی فاروق اعوان فوٹو: فائل

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے سائٹ سے بینک ڈکیتیوں میں ملوث گروہ کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ایس آئی یو، سی آئی اے فاروق اعوان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے سائٹ سے بینک ڈکیتیوں میں ملوث گروہ کے سرغنہ راشد عرف کشمیری کو 3 ساتھیوں سعید احمد، طارق خان اور محمد مظہر نسیم سمیت گرفتار کر کے ان کے قبضے سے کلاشنکوف ، دستی بم اور3 پستول برآمد کیے ہیں، انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم راشد عرف کشمیری گروہ کا سر غنہ ہے اور2013 میں بینک ڈکیتیوں پر 3 ساتھیوں سمیت گرفتار ہوکر جیل جاچکا ہے،اس کے ساتھی اس وقت جیل میں ہیں۔

راشد کشمیری نے اپنی ضمانت کراکر نیا گروہ تشکیل دیا ملزمان نے 26 ستمبرکو ٹیپو سلطان تھانے کے علاقے میں واقع میزان بینک یکم اکتوبر کو بہادر آباد تھانے کے علاقے میں بینک اسلامی، 14نومبر کو فیروز آباد کے علاقے میں الائیڈ بینک اور 26 نومبر کو تیموریہ تھانے کی حدود میں واقع الائیڈ بینک میں ڈکیتیاں کی ہیں، ملزمان نے 4 بینک ڈکیتیوں میں46 لاکھ روپے نقد لوٹے، موبائل فون اوراسلحہ بھی چھینا تھا، وارداتوں میں ڈکیت راشد کشمیری کی اہلیہ بھی ملوث ہے راشد کشمیری نے 2 ماہ قبل ٹیپو سلطان تھانے پر دستی بم پھینکا تھا ملزمان نے ٹارگٹ کلنگ، ڈکیتیوں اور دستی بم پھینکنے کی کئی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

رواں سال شہر میں 23 بینک ڈکیتیوں کی وارداتیں ہوئیں جن میں سے21 بینک ڈکیتیوں کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، تیموریہ اورگلبہار کے علاقوں میں 2 بینک ڈکیتیوں میں پکڑے نہ جانیوالے ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سوات گروپ سے ہے جن کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے، دریں اثنا پولیس نے شہر میں چھاپہ مار کارروائیوں اور پولیس مقابلوں میں ایک جرائم پیشہ کو ہلاک اور 62 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں