دہشت گردی کا منصوبہ ناکام کالعدم تنظیموں کو اسلحہ سپلائی کرنیوالے3ملزمان گرفتار

ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ ان کا تعلق بین الصوبائی اسلحہ و منشیات اسمگلنگ گروپ سے ہے


Staff Reporter October 01, 2012
قانون نافذکرنیوالے ادارے کا پشاور سے آنیوالی بس پر چھاپہ،2ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد، ایسٹ رینج پولیس نے26 ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ فوٹو: ایکسپریس

سی آئی ڈی کے انسداد انتہا پسندی سیل نے حب ریور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کو اسلحہ سپلائی کرنیوالے3ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیاَ۔

ملزمان بس کے ذریعے بلوچستان سے اسلحہ کراچی لارہے تھے اور بڑی دہشت گردی کا منصوبہ تھا، ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم نے گذشتہ روز گارڈن ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ، ڈکیتی اور اغوا کی وارداتوں کیخلاف آپریشن کی ہدایات ملیں جس پر سی آئی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے حب ریور روڈ کے قریب ایک بس کو روک کر تلاشی لی تو بس کے خفیہ خانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور منشیات برآمد ہوئی۔

چوہدری اسلم نے بتایا کہ کارروائی میں3ملزمان اسلام ولد اسلم، صوابی ولد فقیر محمد اور گلزار ولد لیاقت علی کو گرفتار کرکے ایک ایل ایم جی،30دستی بم،5 کلاشنکوف،12رپیٹر،5ٹی ٹی پستول،4من چرس اور مختلف اقسام کی200سے زائد گولیاںبرآمد کرلیں، چوہدری اسلم کا کہنا تھا کہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ ان کا تعلق بین الصوبائی اسلحہ و منشیات اسمگلنگ گروپ سے ہے اور وہ بلوچستان کے علاقے تربت سے احمد نامی شخص سے اسلحہ لے کر کراچی لاتے اور یوسف گوٹھ میں چاچا غلام نامی شخص کو سپلائی کرتے تھے جہاں سے کالعدم تنظیموں کو اسلحہ سپلائی کیا جاتا تھا۔

علاوہ ازیں سہراب گوٹھ میں کوچ کے اڈے پر چھاپہ مار کر پولیس نے پشاور سے آنے والی کوچ سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا، ڈی ایس پی قمر احمد نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی اور پشاور سے آنے والی کوچ پر چھاپہ مارکر بس کے خفیہ خانوں سے ایک ایس ایم جی، 4پستول اور بھاری تعداد میں مختلف اقسام کے رائونڈز برآمد کرلیے۔

پولیس نے2ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کے نام صیغہ راز میں رکھے جارہے ہیں، ڈی ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزمان شہر میں مختلف جرائم پیشہ گروہوں کو اسلحہ سپلائی کیا کرتے تھے، علاوہ ازیں ایسٹ رینج پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے26 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |