الطاف حسین نے ایم کیو ایم لندن اور کراچی کی رابطہ کمیٹیاں معطل کردیں

قمرمنصور کراچی اورارشد حسین لندن کی رابطہ کمیٹی کےقائم مقام انچارج کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں گے


ویب ڈیسک December 10, 2014
رابطہ کمیٹی نے مجھے بہت مایوس کیا ہے، الطاف حسین فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لندن اور کراچی کی رابطہ کمیٹیاں معطل کرتے ہوئے قمر منصور کو کراچی اور ارشد حسین کو لندن رابطہ کمیٹی کا قائم مقام انچارج مقررکردیا۔


ایکسپریس نیوزکے مطابق ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے گزشتہ رات سیالکوٹ میں پارٹی کے ضلعی نائب صدر باؤ محمد انور کے قتل پر فوری طور پر ردعمل نہ دینے اور ارکان کی کارکردگی پرشدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کراچی اور لندن کی رابطہ کمیٹیوں کو فوری طور پر معطل کردیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے قمر منصور کو کراچی اورارشد حسین کو لندن کی رابطہ کمیٹی کا قائم مقام انچارج مقررکردیا جو آئندہ کے اعلان تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔


کراچی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ پارٹی رہنما کارکنوں سے اپنے گھروں کی صفائی کراتے ہیں، آج جتنے رکن صوبائی و قومی اسمبلی اور سینیٹرز ہیں کہتے ہیں کہ ہمارا خرچہ پورا نہیں ہوتا جبکہ عام کارکن کو اتنی تنخواہ نہیں ملتی جتنی اراکین اسمبلی لیتے ہیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ کئی مواقعے فراہم کئے لیکن رابطہ کمیٹی نے بہت مایوس کیا اور کمیٹی کے بعض ارکان نے کھیلوں کے میدان اور گلیاں تک بیچ دیں جس پر رابطہ کمیٹی خاموش ہوکر سب کچھ دیکھتی رہی جب کہ 2 بڑے نام ایسے ہیں جنہوں نے پیسہ کمایا اور آج دبئی کے محلات میں بیٹھے ہیں اور اربوں روپے کمارہے ہیں۔


قائد ایم کیو ایم نے کہا کہ نئی رابطہ کمیٹی بناؤں گا اور پہلی رابطہ کمیٹی گھر بیٹھے، مجھے بزدل لوگ نہیں چاہیئں بلکہ ہر سیکٹر سے ایسے پڑھے لکھے اور بہادر لوگوں کی ضرورت ہے جو پیسہ بنانے کے بجائے پارٹی کے لئے خدمات پیش کریں، سیکٹر انچارج سیالکوٹ میں قتل ہونے والے ضلعی نائب صدر باؤ انور کے قتل کے خلاف ایسا احتجاج کریں کہ رابطہ کمیٹی کا غرورٹوٹ جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |