2اعلیٰ افسران کی ہلاکت جیلوں میں یوم سوگ منایا گیا

مظاہرین نے نعرے بازی کے بعد کچھ دیر کے لیے سڑک پر دھرنا دیا


Staff Reporter October 02, 2012
سینٹرل جیل کے باہر افسران و ملازمین نے احتجاج کے دوران دھرنا دیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا. فوٹو: فائل

جیل پولیس کے2اعلیٰ افسران کی ہلاکت کیخلاف پیر کو جیلوں میں یوم سوگ منایا گیا ۔

سینٹرل جیل کے باہر افسران و ملازمین نے احتجاج کے دوران دھرنا دیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا، یوم سوگ کے موقع پر تمام سرگرمیاں معطل رہیں، تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی شب گلشن اقبال میں جیل پولیس کے2اعلیٰ افسران اے ایس پی پیر مسعود جان سرہندی اور ڈی ایس پی عبدالرزاق عباسی کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا، اس سلسلے میں پیر کو جیلوں میں یوم سوگ منایا گیا، سینٹرل جیل اور ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں مقتولین کے ایصال ثواب کیلیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ۔

سینٹرل جیل کے باہر افسران و ملازمین نے احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے، مظاہرین نے نعرے بازی کے بعد کچھ دیر کے لیے سڑک پر دھرنا دیا، بعدازاں پرامن طور پر منتشر ہوگئے،قیدیوں کی عدم حاضری کے باعث سٹی کورٹ، ملیر ڈسٹرکٹ کورٹس، انسداد منشیات و دیگر صوبائی و وفاقی خصوصی عدالتوں میں زیر سماعت ہزاروں مقدمات کی سماعت ملتوی ہوگئی۔

سٹی کورٹ میں قیدیوں سے ملاقات کے لیے سیکڑوں ملاقاتی انتظار کرتے رہے ، دوسری جانب سیشن ججز و جوڈیشل مجسٹریٹس عدالتوں میں زیرسماعت مقدمات میں درجنوں گواہ پیش ہوئے تھے تاہم قیدیوں کی عدم موجودگی کے باعث انھیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ، عدالتوں نے تھانوں سے لائے گئے درجنوں ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں