خدشہ ہے فیصل آباد میں کارکنوں پر فائرنگ کرنے والے گرفتار ملزم کو پولیس ہلاک نہ کردے عمران خان

نوازشریف اور ان کا خاندان اپنے کارندوں کے ذریعے موٹر ویز اور بجلی کے منصوبوں سے پیسے کمارہا ہے، چیرمین تحریک انصاف

ملک میں سزا اور جزا کا قانون اس قدر تباہ کردیا گیا ہے کہ ظالموں کے بضائے مظلوموں کے سزا دی جاتی ہے، عمران خان فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں پر فائرنگ میں ملوث ملزم کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور اب اس بات کا خدشہ ہے کہ کہیں اسے جعلی پولیس مقابلے میں قتل نہ کردیا جائے۔

بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے اور یہ پہلا موقع نہیں کہ جب ہمیں تشدد کے ذریعے روکنے کی کوشش کی گئی۔ اس سے پہلے گوجرانوالہ اور اسلام آباد میں اس طرح کے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سزا اور جزا کا قانون اس قدر تباہ کردیا گیا ہے کہ ظالموں کے بجائے مظلوموں کے سزا دی جاتی ہے، ملک کی تمام سیاسی جماعتیں گزشتہ انتخابات میں دھاندلی پر متفق ہیں لیکن انہیں خدشہ ہے کہ اگر تحقیقات ہوئی تو بات بہت اوپر تک جائے گی اور اگلے انتخابات شفاف ہوجائیں گے، عوامی نیشنل پارٹی اگر یہ سمجھتی ہے کہ خیبر پختونخوا میں دھاندلی ہوئی ہے تو وہ کوئی بھی انتخابی حلقہ کھلوا سکتی ہے، ہم کسی عدالتی حکم کے پیچھے نہیں چھپیں گے۔


عمران خان نے کہا کہ تمام تر حکومتی اقدامات کے باوجود ہم مذاکرات کے لئے تیار ہیں اس کا سلسلہ وہیں سے شروع ہونا چاہئے جہاں سے ٹوٹا تھا۔ ہمیں کوئی شوق نہیں کہ شہر بند ہوں لیکن اگر ہمیں دیوار سے لگایا گیا تو پھر احتجاج کرنا ہمارا حق ہے، مذاکرات کے گزشتہ ادوار میں حکومت اور تحریک انصاف میں تحقیقاتی کمیٹی کی تمام جزئیات پر متفق تھے لیکن حکومت پر سے جیسے ہی دباؤ ختم ہوا وہ اپنی بات سے مکر گئی، ہم نے 4 انتخابی حلقے کھولنے کی بات کی تھی لیکن اب معاملہ اس سے بہت آگے چلا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 122 کی تحقیقات کے نتائج سے واضح ہوجائے گا کہ 4 حلقوں میں دھاندلی کی تحقیقات کیوں نہیں کرائی گئی، الیکشن کمیشن نے دھاندلی کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے سلسلے میں 4 مرتبہ اپنا موقف تبدیل کیا، شیرافگن اور محبوب انور بیلٹ پیپرز چھپوانے میں ملوث تھے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ان کے پیچھے کوئی خفیہ طاقت نہیں اگر کسی کو اس بارے میں پتہ ہے تو انہیں بھی بتادے، خفیہ طاقت کے بل بوتے پر کوئی جماعت 118 دن تک احتجاج نہیں کرسکتی، نوازشریف اور ان کا خاندان اپنے کارندوں کے ذریعے موٹر ویز اور بجلی کے منصوبوں سے پیسے کمارہا ہے، وہ عوام کو صحت، تعلیم اور روزگار کی فراہمی پر توجہ دینے کے بجائے بڑے بڑے منصوبے بناکر اس سے پیسے کماتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا بیٹا لندن میں 8 ارب روپے کے فلیٹ میں رہتا ہے وہ پوچھتے ہیں کہ ان کے پاس اتنے پیسے کہاں سے آئے۔
Load Next Story